پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں تقریب ، قومی پر چم لہرایا گیا
کیک کاٹا گیا ، صدر ، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جنوبی ایشیا میں امن کیلئے تنازع کشمیر کا حل ضروری ، ناظم الامور سعد احمد وڑائچ کا خطاب
اسلام آباد (دنیارپورٹ )پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی میں پاکستان کا 80 واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے اور شایان شان انداز میں منایا گیا،بھارت میں پاکستان کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے چانسری لان میں منعقدہ پروقار تقریب میں قومی پرچم لہرایا،تقریب میں پاکستان ہائی کمیشن کے اراکین اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی ،اس موقع پر صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے ۔ سعد احمد وڑائچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کے پختہ عزم کی صرف فتح ہی نہیں بلکہ علیحدہ وطن کے حصول کے لئے ان کے مقدر کی تکمیل بھی بنا، گزشتہ برسوں کے دوران پاکستان نے زندگی کے تمام شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی، پاکستان کی جوہری صلاحیت جنوبی ایشیا میں استحکام کا باعث ہے ۔
ناظم الامور نے کہا کہ معرکہ حق پاکستان کی خودمختاری اور عوام کے وقار کے تحفظ اور بقا کے لئے ہمارے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے ۔ا نہوں نے مادر وطن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی دفاع میں مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی، مذاکرات اور سفارت کاری کے اصولوں پر پختہ یقین رکھتا ہے ۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی معاہدہ علاقائی استحکام اور عالمی امن کے فروغ کی جانب اہم سنگ میل ہے ۔ ناظم الامور نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے تنازع جموں و کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ضروری ہے ۔ استصواب رائے کے حق کے حصول تک ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔ تقریب میں روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ملی نغمے پیش کیے اور تقاریر کیں ۔اس موقع پر خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔ سعد احمد وڑائچ نے قائداعظم کی زندگی، وژن اور تاریخی جدوجہد پر مبنی تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments