بھارتی یوم آزادی پر دنیا بھر میں کشمیریوں کا یوم سیاہ، مظاہر ے

 بھارتی یوم آزادی پر دنیا بھر میں کشمیریوں کا یوم سیاہ، مظاہر ے

جلسے ، جلوس ، ریلیاں بھی نکالی گئیں ،مقبوضہ وادی فوجی چھاؤنی میں تبدیل

اسلام آباد،مظفر آباد،سرینگر(نیوزایجنسیاں) کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں کشمیریوں نے 15اگست کو بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طورپر منایا، احتجاجی مظاہر ے ،جلسے جلوس اور ریلیاں منعقدکی گئیں اور عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کرائی گئی اور کشمیر ی عوا م کو حق خودارادیت دلانے کے لئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔اس موقع پر بھارت نے مقبوضہ وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا اورپابندیاں مزید سخت کرکے جگہ جگہ نفری تعینات کر دی گئی ،کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو ایک بار پھر گھر میں نظر بند کردیا گیا۔

بھارتی فورسز نے سری نگر کے بخشی سٹیڈیم کو مکمل طور پر حصار میں لے لیا۔بخشی سٹیڈیم میں بھارتی یوم آزادی کی نام نہاد مرکزی تقریب ہو نا تھی ، سٹیڈیم کی ڈرون کیمروں سے نگرانی کی جارہی، ماہر نشانہ باز اہلکار بھی تعینات کر دئیے گئے ۔سخت ترین سکیورٹی کے باوجود کشمیری عوام بڑی تعداد میں سڑکوں میں نکل آئے اورآزادی کے حق میں اور بھارت مخالف نعرے بازی کی گئی ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر زبردست احتجاج کیا گیا ۔ادھر مشرقی پنجاب میں سکھ برادری اور ناگالینڈ، آسام و منی پور میں بھارتی یومِ آزادی کی تقریبات کا بائیکاٹ اور احتجاج کیا گیا ،ان تنظیموں کا مؤقف ہے کہ ان کے دیرینہ علیحدگی پسند مطالبات اور حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے باعث وہ بھارتی یومِ آزادی کی تقریبات کا حصہ نہیں بننا چاہتے ۔ واضح رہے کہ بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کو کشمیریوں کی مرضی کے خلاف ریاست پر غاصبانہ قبضہ کیااور 79 برسوں میں 5 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...