طوفانی بارشیں،نالہ لئی میں طغیانی ،سائرن بج گئے،پانی گھروں میں داخل

طوفانی  بارشیں،نالہ  لئی  میں  طغیانی ،سائرن  بج  گئے،پانی  گھروں  میں  داخل

راولپنڈی میں 130 ملی میٹر بارش ریکارڈ ، رہائشی و کاروباری علاقے زیر آب ،متعدد اضلاع میں مزید بارش کا امکان نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا اندیشہ ،مری، گلیات،کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، 62 پروازیں تاخیرکاشکار ہوئیں

راولپنڈی ،لاہور (نیوز رپورٹر،اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک)بارشوں کا چھٹا سپیل جاری، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش راولپنڈی میں ریکارڈ ہوئی، متعدد اضلاع میں مزید بارش کا امکان ہے ۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں سب سے زیادہ بارش راولپنڈی میں 130 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔نالہ لئی سمیت دیگر برساتی نالوں میں طغیانی سے شہر و کینٹ کے متعدد رہائشی و کاروباری علاقے زیر آب آ گئے ۔ گھروں، مارکیٹوں اور دکانوں میں 2 سے 3 فٹ تک پانی داخل ہونے سے تاجروں اور شہریوں کا کروڑوں کا سامان ضائع ہوگیا، گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہری خوفزدہ ہو کر چھتوں پر چڑھ گئے ،حکام نے خطرے کے سائرن بجا دئیے ۔ ترجمان کے مطابق آئندہ24 گھنٹوں کے دوران بھی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے علاوہ بارشوں کا چھٹا سپیل21 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ آج موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، مردان، صوابی،پشاور،نوشہرہ،گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا اندیشہ ہے ۔ خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں ، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہو رہا ہے ۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب ،جہلم ،راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے ۔ دریں اثنا اسلام آباد اورسیالکوٹ میں بارش کے باعث 62 پروازیں تاخیرکاشکارہوگئیں۔فلائٹ شیڈول کے مطابق گزشتہ روز 44 ملکی اور غیر ملکی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی کی 12 ،لاہورکی 13 اوراسلام آبادکی 18 پروازوں میں 15 گھنٹے تک تاخیرہوئی ،اس کے علاوہ ملتان کی 6 ،پشاورکی 5 ،سیالکوٹ کی 5 اورفیصل آبادکی بھی 3 پروازوں میں تاخیرہوئی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...