چینی ڈیری کمپنی کا دورہ، پنجاب میں پراسیسنگ پراجیکٹ قائم کرنا چاہتے ہیں : مریم نواز

چینی ڈیری کمپنی کا دورہ، پنجاب میں پراسیسنگ پراجیکٹ قائم کرنا چاہتے ہیں : مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب کی پولیٹیکل کمشنر ہی ژونگ یو سے بھی ملاقات ، شن جیانگ سے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق گوانگیانگ میں پنجاب کے اشتراک سے بزنس کانفرنسکا انعقاد،سوئس تنظیم کی وزیراعلیٰ کو سمٹ میں شرکت کی دعوت

لاہور(دنیا نیوز،آئی این پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دورہ چین کے دوران گزشتہ روز سنکیانگ میں معروف ٹائرن وزڈم ڈیری کمپنی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیاجہاں انتظامیہ نے ان کا وفد سمیت پرتپاک خیرمقدم کیا۔اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ چین کے اشتراک سے پنجاب میں ملک اور ڈیری پراسیسنگ پراجیکٹ قائم کرنا چاہتے ہیں،پنجاب میں لائیو سٹاک کی بہتری اور فروغ کے پراجیکٹس نتیجہ خیز ثابت ہورہے ہیں۔دریں اثناء مریم نواز نے شین جیانگ وایغور خودمختار علاقائی کمیٹی اور پارٹی سیکرٹری اور پروڈکشن اینڈ کنسٹرکشن کورپس کے پولیٹیکل کمشنر ہی ژونگ یو سے ملاقات کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے معروف ٹائرن وزڈم ڈیری کمپنی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور جدید ڈیری فارمنگ و ملک پروسیسنگ کے نظام کا جائزہ لیا ،ماہرین نے انہیں دودھ کی پروسیسنگ اور دودھ، دہی سمیت دیگر مصنوعات کی تیاری کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹائرن وزڈم ڈیری ورکس چین کے مختلف علاقوں میں جدید ترین ڈیری فارمنگ کے حوالے سے معروف ہے ،یہاں دودھ اور دیگر ڈیری مصنوعات کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پروسیسنگ کی جاتی ہے ۔اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں لائیو سٹاک کی بہتری اور فروغ کے منصوبے نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں، دیہی خواتین کی مالی خودمختاری اور مویشیوں کی افزائش نسل کیلئے خصوصی منصوبے بھی کامیابی سے جاری ہیں ، پنجاب حکومت چین کے اشتراک سے صوبے میں مِلک اور ڈیری پروسیسنگ کا منصوبہ قائم کرنا چاہتی ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شین جیانگ وایغور خودمختار علاقائی کمیٹی و پارٹی سیکرٹری اور پروڈکشن اینڈ کنسٹرکشن کورپس کے پولیٹیکل کمشنر ہی ژونگ یو سے بھی ملاقات کی ۔اس موقع پرپنجاب اور شین جیانگ کے درمیان اقتصادی، زرعی، صنعتی اور تکنیکی تعاون کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 150ویں سالگرہ اور پاکستان و چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر بھی مبارکباد پیش کی۔اس دوران دونوں جانب سے پنجاب اور شین جیانگ کے درمیان زراعت، صنعت، ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پانی کی کمی کے شکار علاقوں میں زرعی پیداوار بہتر بنانے کے لیے چین کے تجربات سے استفادہ کرنے کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ واٹر ایفیشنٹ ٹیکنالوجی، ڈرپ اریگیشن اور معیاری بیج کے استعمال سے کم پانی والے علاقوں میں بہتر فصلیں حاصل کی جا سکتی ہیں، اس لیے پنجاب اور شین جیانگ کے درمیان اس شعبے میں باہمی اشتراک کو فروغ دیا جانا چاہیے ، مریم نواز شریف نے کہا کہ چین کے وسیع تجربات سے فائدہ اٹھا کر پنجاب میں بھی مؤثر منصوبے شروع کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پاکستان کی فوڈ باسکٹ ہونے کا قابلِ قدر اعزاز رکھتا ہے جبکہ مؤثر اقدامات اور بہتر گورننس کے ذریعے صوبے میں غربت اور محرومی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پنجاب اور شین جیانگ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو عملی منصوبوں میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ دونوں خطوں کے عوام کو باہمی شراکت داری کے ثمرات پہنچ سکیں۔مزید برآںوزیراعلیٰ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے صوبائی وزیر عاشق کرمانی نے فارن اکنامک اینڈ ٹریڈ کارپوریشن سمپوزیم میں شرکت کی۔ گوانگیانگ میں حکومت پنجاب اور عوامی جمہوریہ چین کے صوبہ گوئیژو حکومت کے اشتراک سے بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں چین کی نمایاں کمپنیوں کے اعلیٰ حکام اور چینی سرمایہ کاروں نے شرکت کی ،اس موقع پر چینی سرمایہ کاروں کوپنجاب بھر میں قائم مختلف خصوصی اقتصادی زونزکا دورہ کرنے کی دعوت دی گئی۔

وزیر زراعت پنجاب نے کانفرنس کے دوران چینی کمپنیوں اور بزنس وفود کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقاتیں کیں اورکہا کہ 253 ارب روپے کی جی ڈی پی کے ساتھ پنجاب ملکی معیشت میں نمایاں مقام رکھتا ہے ، دیگر پڑوسی ممالک کی نسبت پنجاب میں چائنہ کے لئے بہترین مینوفیکچرنگ ہب بننے کا واضح پوٹنشل رکھتا ہے ۔ ادھر سوٹزر لینڈ کی ماحولیات کے تحفظ سے متعلق عالمی تنظیم فاؤنڈیشن ‘نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ’(این ایس ٹی)نے مریم نواز کی ماحولیاتی بہتری سے متعلق خدمات اور ٹیکنالوجی پر مبنی گورننس کے فروغ کے اقدامات کا اعتراف کیا اورفاؤنڈیشن کے چیئرمین پیٹر نوبل نے انہیں 30 ستمبر کو ہانگ کانگ میں منعقدہ عالمی لیڈرشپ سمٹ اور این ایس ٹی ایوارڈ گالا میں شرکت کی باضابطہ دعوت دیدی ۔ہانگ کانگ سمٹ میں عالمی رہنماؤں کے علاوہ سائنسدان اور پائیدار ترقی کے پالیسی ساز شرکت کریں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...