نواز شریف نے افتخار گیلانی کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کردیا، آج انتخاب : شاہ غلام قادر، فاروق حیدر کے تحفظات
مشاورت کے بعد نوازشریف نے منظوری دی ، مریم اورنگزیب ، سردار مختار پیپلز پارٹی کے امیدوار ہونگے افتخار گیلانی کو ووٹ دینگے نہ ہی آج اسمبلی اجلاس میں شرکت کرینگے ، صدر ن لیگ ، سابق وزیراعظم کا اعلان
مظفرآباد (محمد اسلم میر)مسلم لیگ (ن)کے صدر محمد نواز شریف نے بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی کو وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بنانے کی منظوری دے دی اور انہیں وزارتِ عظمیٰ کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرانے کی ہدایت کردی۔صدر ن لیگ شاہ غلام قادر ، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ مسترد کردیا ، آج قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں بھی شرکت نہ کرنے کا اعلان ، نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا۔ کاغذات نامزدگی صبح 9:30 سے 10:30 بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے ، جبکہ جانچ پڑتال 10:30 سے 10:45 بجے تک ہوگی۔ امیدواروں کی حتمی فہرست دوپہر 12 بجے آویزاں کی جائے گی اور وزیراعظم کا انتخاب نماز جمعہ کے بعد دو بجے ہوگا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے سردار مختار احمد خان کو وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر نامزد کیا گیا ،مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے وزیراعظم ہاؤس میں اہم مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی، وزیراعظم کے انتخاب، نئی کابینہ کی تشکیل، حکومتی ترجیحات، گڈ گورننس اور حکومتی امور بہتر بنانے کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق، شاہ غلام قادر، راجہ فاروق حیدر، طارق فاروق، احمد رضا قادری اور بیرسٹر افتخار گیلانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ کی پارلیمانی حکمت عملی اور حکومت سازی کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے پر بھی مشاورت کی گئی۔ جس کے بعد نئے قائد ایوان کے نام کی منظوری دی گئی۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم نامزد کئے جانے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ افتخار گیلانی کو ووٹ نہیں دیں گے اور نہ ہی وزیراعظم کے انتخاب کے لئے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔پارٹی ذرائع کے مطابق شاہ غلام قادر نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے قابل قبول نہ ہونے اور ان کی نامزدگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کے دوران بھی افتخار گیلانی کو وزیراعظم بنانے کے فیصلے سے اتفاق نہیں کیا اور اپنا مؤقف واضح طور پر پیش کیا۔شاہ غلام قادر کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن)کو مینڈیٹ دیا ہے ، جس کا ہر سطح پر احترام ضروری ہے ۔ عوام کی عزت، رائے اور وقار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور نواز شریف کے ‘‘ووٹ کو عزت دو’’ کے بیانیے کو مقدم رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن اور سینئر قیادت سے مشاورت کے بعد آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments