نئے ڈیجیٹل شواہد ،مومنہ اور ثاقب چدھڑ کو دوبارہ نوٹس

نئے ڈیجیٹل شواہد ،مومنہ اور ثاقب چدھڑ کو دوبارہ نوٹس

این سی سی آئی اے کی تحقیقات کیلئے نئی ٹیم تشکیل،رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ ہو گا جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے قبل ازیں ثاقب چدھڑ اور اہلیہ کو بے قصور قرار دیا تھا

لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے ،کورٹ رپورٹر )این سی سی آئی اے نے نئے ڈیجیٹل شواہد پر مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ کو دوبارہ نوٹس جاری کردیا،نئے ڈیجیٹل شواہد سامنے آنے پر این سی سی آئی اے نے دوبارہ نوٹس جاری کیا ،معاملے کی ازسرنو تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی، این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ خصوصی ٹیم کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر عہدے کے ایک افسر کریں گے ۔ٹیم نئے ڈیجیٹل شواہد، سابقہ ریکارڈ اور دیگر متعلقہ معلومات کا جائزہ لے گی۔ ٹیم ایک ماہ کے اندر تحقیقات مکمل کرکے اپنی رپورٹ ڈی جی این سی سی آئی اے کو پیش کرے گی، رپورٹ کی روشنی میں آئندہ قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

تحقیقات مکمل ہونے تک کسی بھی فرد کو گنہگار یا بے گناہ قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔قبل ازیں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے مقدمہ میں لیگی ایم پی اے ثاقب چدھڑاور اہلیہ سمیرا کو بے قصور قرار دیدیا ،سیشن عدالت لاہور میں تفتیشی افسر نے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کو فی الحال بے قصور قرار دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ دونوں کی گرفتاری درکار نہیں۔ این سی سی آئی اے کے تفتیشی افسر نے رپورٹ عدالت میں پیش کی۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ این سی سی آئی اے نے مقدمے کی تفتیش تبدیل کرکے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی، جس کے بعد معاملے کی ازسرنو تفتیش کی گئی ۔تفتیشی افسر کے بیان کی روشنی میں لیگی ایم پی اے ثاقب چدھڑ نے اپنی عبوری ضمانت واپس لے لی۔ عدالت نے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔ رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ نے کیس میں بے قصور قرار دینے پر اپنے رد عمل میں کہا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ جھوٹے الزام سے بری ہوا،اگر دوبارہ بھی تفتیش ہوتی ہے تو ہم اس میں پیش ہوں گے ،مجھے اداروں پر اعتماد ہے اور ہر صورت قانون کی پاسدار ی کروں گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...