بلوچستان:2دستی بم حملے ،ایک پولیس اہلکار سمیت 4افراد زخمی
دہشتگردوں نے تھانہ شالکوٹ ،قلعہ سیف اللہ میں چیک پوسٹ پر دستی بم پھینکے دھماکوں ، فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس ،مستونگ سے 6لاشیں برآمد
کوئٹہ (سٹاف رپورٹر، این این آئی )بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 2مقامات پر دستی بم حملے ،ایک پولیس اہلکار سمیت 4افراد زخمی ہو گئے ۔ دوسری طرف مستونگ سے 6نامعلوم افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے تجارتی علاقے ہزار گنجی میں نامعلوم دہشتگردوں نے گزشتہ شب تھانہ شالکوٹ پر یکے بعد دیگرے 3 دستی بم پھینک دئیے جو تھانہ کی عمارت کے قریب گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گئے جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک راہگیر زخمی ہو گیا، پولیس کی جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہوگئے ، دھماکوں اور فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی فورسز کی مزید بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
علاوہ ازیں نامعلوم دہشتگردوں نے قلعہ سیف اللہ میں ژوب شاہراہ پرواقع سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پربھی دستی بم پھینکے جو قریبی پٹرول پمپ کے سامنے گر کر پھٹ گئے جس کے نتیجہ میں 2 افراد زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ۔ ادھر مستونگ کے علاقے میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر دو مختلف مقامات سے 6 نامعلوم افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں ۔بلوچستان پولیس کے مطابق ایک لاش ڈی سی ہاؤس کے قریب سے اور 5 لاشیں دتو موڑ کے قریب سڑک کنارے پڑی ملی ہیں۔پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کردیا،آخری اطلاعات تک مقتولین کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق لاشیں کئی روز پرانی اورتشدد زدہ ہیں ،کسی دوسرے مقام سے لاکر مستونگ میں سڑک کنارے پھینکی گئیں، پولیس کارروائی کررہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments