قومی ہیروز کی بہادری پاکستان کے لیے باعث فخر، مرادعلی شاہ
پوری قوم شہدا اور غازیوں کو سلام اور خراج عقیدت پیش کرتی ہے ، شرجیل میمن تجدید عہد کا دن، ملکی سلامتی کے لیے پوری قوم متحد ، ضیالنجار، یوم دفاع پر پیغامات
کراچی (خبر ایجنسیاں)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 6 ستمبر وطن کے دفاع کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور سندھ کے بہادر سپوتوں کا کردار تاریخ کا روشن باب ہے ۔یوم دفاع کے حوالے سے پیغام میں انہوں نے کہا قومی ہیروز کی بہادری پاکستان کے لیے باعث فخر ہے ۔ ملکی سلامتی، خود مختاری کے لیے جان دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا پاک فوج کے بہادر جوانوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور آج کا دن دفاع وطن کے لیے دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا سندھ کے لوگ پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں،قوم کو اتحاد، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پیغام میں کہا 6 ستمبر ملکی تاریخ کا ناقابل فراموش دن اور ہمیں شہدا و غازیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
پوری قوم شہدا اور غازیوں کو سلام اور خراج عقیدت پیش کرتی ہے ، 1965ء میں پاکستانی قوم نے اتحاد اور جرأٔت سے دشمن کے عزائم ناکام بنائے ، ملکی سلامتی، خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے قوم کے نام پیغام میں شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع پاکستان ہماری قومی تاریخ کا سنہری باب اور تجدید عہد کا دن ہے ، قومی یکجہتی اور افواج پاکستان کی بہادری و شجاعت پوری قوم کے لیے قابل فخر ہے ، پاکستانی قوم آج بھی یک زبان ہوکر دشمن کے عزائم ناکام بنانے کا عزم رکھتی ہے ۔ یوم دفاع اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ملکی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے پوری قوم متحد ہے ۔ ان کا کہنا تھا ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیاں قوم کے لیے مشعل راہ ہیں اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments