مذاکرات نتائج دیکھ کر آج اسلام آباد مارچ کا اعلان:حافظ نعیم
اپوزیشن جماعتوں سے بھی مشاورت کرینگے ،پٹرولیم لیوی کا عالمی قیمتوں سے تعلق نہیں صوبے بنانے کیلئے آئینی طریقہ پر عمل کیا جائے ، عوام کو تعصب کی بنیاد پر تقسیم نہ کریں
لاہور ،کراچی(سٹاف رپورٹر،آئی این پی )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آج مذاکرات پر نتائج دیکھنے کے بعدرات کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کیا جائے گا ،حکومت کو عوامی مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کرینگے ۔ اس سلسلے میں دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائیگی۔ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ نہ ہوئی تو اسلام آباد کی جانب مارچ کرینگے ۔ ملک پر مخصوص طبقہ قابض جو قوم کی تقدیر کے فیصلے کرتا ہے اور اس طبقے کو ہر سطح پر مراعات اور فوائد دئیے جارہے ہیں۔ آئی پی پیز کو بجلی بنائے بغیر 1700 سے 1800 ارب روپے د ئیے گئے ۔ جماعت اسلامی اشرافیہ سے نجات اور عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کررہی ہے ، انکا کوئی ذاتی یا سیاسی ایجنڈا نہیں۔ انہوں نے ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزیدکہا تمام سیاسی جماعتیں اختلافات ایک طرف رکھ کر عوامی مطالبات پر ہماری تحریک کا ساتھ دیں۔ کل گوجرانوالہ میں بڑا جلسہ جبکہ 12 ستمبر کو اسلام آباد میں خواتین کا بڑا جلسہ ہوگا۔ حکومت سے مذاکرات پرہم نے واضح کیا ہے کہ عوام کو فوری ریلیف دیا جائے ۔ پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز بڑا مسئلہ ہیں، پٹرولیم لیوی کا عالمی منڈی کی قیمتوں سے تعلق نہیں بلکہ یہ حکومتی نااہلی اور غلط معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔ حافظ نعیم نے ایف بی آرپر تنقید کرتے ہوئے کہا اسکی ناقص کارکردگی کا بوجھ عوام پر ڈالا جارہا ہے ۔حافظ نعیم نے کہا صوبے بنانے کیلئے آئین میں موجود طریقہ کار پر عمل کیا جائے ،اس معاملے پر حکمران تعصب کی بنیاد پر عوام کو تقسیم کرنے سے گریز کریں۔ حکومتی اتحادیوں میں اتفاق نہیں تو قوم سے اتفاق رائے کیسے مانگا جارہا ہے ؟ آئینی ترامیم سے پہلے حکومت، حزب اختلاف اور تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات اور اتفاق رائے پیدا کیا جائے ۔ عوام کو لڑانے کے بجائے اصل مسائل آئین کے مطابق حل کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments