چین سے مزید مضبوط شراکت داری وقت کی ضرورت : ڈار
پاکستان کے چین کیلئے نامزد سفیر علی اسد گیلانی کی نائب وزیراعظم سے ملاقات اسحاق ڈار کا دورہ لاہور ،داتادربار حاضری ،تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت
لاہور ،اسلام آباد (سیاسی نمائندہ ،مانیٹرنگ ڈیسک )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے آزمودہ، دیرینہ اور قابلِ اعتماد تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان آہنی بھائی چارے اور سدا بہار تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط اور گہرا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔پاکستان کے چین کیلئے نامزد سفیر علی اسد گیلانی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین کی مضبوط شراکت داری کئی دہائیوں پر محیط ہے ، جسے باہمی تعاون کے ذریعے مزید آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ دریں اثنا داتا دربار لاہور کے دورے کے موقع پر نائب وزیراعظم نے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ حضرت علی ہجویریؒ المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کا مزار منفرد روحانی اور تاریخی اہمیت کا حامل ہے، جہاں پاکستان اور بیرون ملک سے بڑی تعداد میں زائرین حاضری دیتے ہیں، اس لئے انہیں بہتر سہولیات، جدید انفراسٹرکچر اور محفوظ و باوقار ماحول کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہونی چاہئے۔
اسحاق ڈار نے داتا دربار کمپلیکس میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ نائب وزیراعظم نے ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ اوقاف اور متعلقہ محکموں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں میں معیار یقینی بناتے ہوئے منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments