پاک بحریہ کی آبدوزہنگور کا پہلا لائیوویپن فائرنگ کا شاندار مظاہرہ
آبدوز نے بحیرہ عرب میں طویل مار کرنیوالا اینٹی شپ کروز میزائل فائر کیا، ہدف کو درستگی سے نشانہ بنایا:آئی ایس پی آر ہماری جدید جنگی صلاحیتیں علاقائی امن کی ضامن ہیں:نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف ،صدر ،وزیر اعظم کا خراجِ تحسین
کراچی، اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی )پاک بحریہ نے اپنی دفاعی اور جنگی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بناتے ہوئے نئی شامل آبدوز پی این ایس ایم ہنگور سے پہلی لائیو ویپن فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ مکمل کر لیا،دوسری طرف صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وز یر اعظم شہبازشریف نے نئی آبدوز ہنگور کی پہلی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق پاک بحریہ کی نئی آبدوز ہنگور نے شمالی بحیرہ عرب میں پہلی لائیو ویپن فائرنگ کامیابی سے مکمل کی اورطویل فاصلے تک مار کرنے والا اینٹی شپ کروز میزائل فائر کیا، اینٹی شپ کروز میزائل نے مقررہ ہدف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا۔ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس ایم ہنگور کی پہلی لائیو ویپن فائرنگ کا مشاہدہ کیا اور پی این ایس ایم ہنگور کی جنگی صلاحیت اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ قومی سمندری حدود کے تحفظ کیلئے ایک جدید اور ہمہ وقت تیار فورس ہے اور ہماری یہ جدید جنگی صلاحیتیں علاقائی امن اور بحری سلامتی کی ضامن ہیں۔
پاک بحریہ کے حکام کا کہنا ہے کہ پی این ایس ہنگور سے کامیاب فائرنگ پاک بحریہ کے قومی بحری مفادات کے تحفظ کے پختہ عزم کا اظہار ہے ،یہ مشقیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ فورسز کسی بھی قسم کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں اور سمندری سرحدوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے اپنی آپریشنل تیاریوں کو اعلیٰ ترین سطح پر برقرار رکھیں گی۔دوسری طرف صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے الگ الگ بیان میں چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور بحری دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کو سراہا اورکہا ہے کہ جدید جنگی صلاحیتوں سے لیس پاک بحریہ قومی بحری حدود کے تحفظ اور خطے کے امن و سلامتی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ،پاکستان کی بحری دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ملکی سمندری حدود کے مو ثر دفاع اور خطے میں امن کے قیام کے عزم کا عکاس ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments