بلوچستان : فورسز کی کارروائیاں ، چارروزمیں فتنتہ الہندوستان کے 73 دہشتگرد ہلاک

 بلوچستان : فورسز کی کارروائیاں ، چارروزمیں فتنتہ الہندوستان کے 73 دہشتگرد ہلاک

زیارت، نوشکی اور مند میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز ، بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد قوم سکیورٹی فورسزکیساتھ، دہشتگردی کے خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے :صدر،وزیراعظم ،وزیرداخلہ

اسلام آباد (نیوزایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز جاری ہیں، گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 73 دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق 21 ستمبر کو زیارت اور گردونواح میں شروع کیے گئے آپریشن کے دوران شعبان میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے ۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں اب تک 33 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک ہوئے ، جبکہ دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران کارروائی میں مزید 23 دہشت گرد مارے گئے ، جبکہ سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے زیر استعمال وسیع علاقے کو کلیئر کر لیا۔ ممکنہ خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔25 ستمبر کو ضلع نوشکی میں بھی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی گئی، جس میں 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ مند کے علاقے میں ایک اور کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد مارے گئے ۔ مختلف آپریشنز کے دوران دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان کے مطابق آپریشنز سے بھارتی حمایت یافتہ افغان آلہ کاروں کو کاری ضرب لگی ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی اور سکیورٹی فورسز سمیت دیگر ادارے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے کلیئر کرنا سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے ۔ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردوں کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ۔ پاکستان کی سرزمین سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہمارا عزم ہے ۔ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی ۔۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...