منیشہ نے عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم سربلند کردیا، بلاول بھٹو
کراچی (این این آئی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انگولا میں منعقدہ IMMAF ورلڈ کپ میں پاکستانی فائٹر منیشہ علی کی شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سرزمین گلگت بلتستان کی بیٹی منیشہ علی نے عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم سربلند کردیا ہے ،ان کی کامیابی صرف ایک گولڈ میڈل نہیں بلکہ پاکستان کی بیٹیوں کے عزم، حوصلے اور صلاحیت کی عالمی پذیرائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں، بالخصوص خواتین کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے مزید مواقع اور عالمی معیار کی تربیتی سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا منیشہ علی کی کامیابی پاکستان کے کھیلوں کے روشن مستقبل اور خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار کا امید افزا پیغام ہے ،خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں ہر میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کا بنیادی حصہ تھا۔انہوں نے کہا منیشہ علی کی عالمی کامیابی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس خواب کی تکمیل کی جانب ایک خوبصورت قدم ہے جس میں پاکستان کی ہر بیٹی کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے برابر مواقع حاصل ہوں۔بلاول بھٹو نے منیشہ علی، ان کے والدین، کوچز اور پاکستان کی پوری MMA فیملی کو اس شاندار اور تاریخی کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد بھی پیش کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments