محسن نقوی کا سائبر جرائم کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم
وفاقی وزیر داخلہ کالاہور میں این سی سی آئی اے سینٹرل زون ہیڈکوارٹرز کا دورہ مالیاتی فراڈ کی شکایت پربھی فوری رسپانس کا نظام مو ثر بنایا جائے :حکام کو ہدایات
لاہور (دنیا نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سائبر جرائم کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز لاہور میں این سی سی آئی اے سینٹرل زون ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیاجہاں ان کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں سائبر کرائمز کے خلاف جاری آپریشنز اور تحقیقات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا،ڈی جی این سی سی آئی اے نے وفاقی وزیر داخلہ کو سنٹرل زون کی کارکردگی، زیر تفتیش مقدمات، سائبر فراڈ کے رجحانات اور جاری کارروائیوں بارے بریفنگ دی،ڈی جی ایف آئی اے ، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اجلاس میں آن لائن مالیاتی فراڈ، ہراسانی اور منظم سائبر کرائم نیٹ ورکس کیخلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیاگیا،وفاقی وزیر داخلہ نے شکایات سیل، فرانزک لیب اور انویسٹی گیشن ونگ کا معائنہ کیا،شہریوں کی شکایات سے لے کر تفتیش اور ملزمان کے خلاف کارروائی تک پورے نظام کا جائزہ لیاگیا۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہاکہ سائبر کرائم کرنے والا چاہے کہیں بیٹھا ہو، قانون کی گرفت میں لانا ہے ۔انہوں نے زیر التوا مقدمات اور شکایات کا کیس ٹو کیس جائزہ لینے اور غیر ضروری تاخیر ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہر شکایت پر بروقت پیش رفت نظر آنی چاہیے ۔وزیر داخلہ نے آن لائن مالیاتی فراڈ میں ملوث منظم گروہوں، جعلی اکاؤنٹس، ڈیجیٹل بلیک میلنگ اور آن لائن ہراسانی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔محسن نقوی نے کہاکہ مالیاتی فراڈ کی شکایت موصول ہوتے ہی فوری رسپانس کا نظام مو ثر بنایا جائے ،شہری کو شکایت درج کرانے کے بعد مہینوں انتظار نہیں کرنا چاہیے ، ہر شکایت پر بروقت پیش رفت نظر آنی چاہیے ،این سی سی آئی اے کو حقیقی معنوں میں پاکستان کی Cyber Police بنانا ہے جو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو ڈیجیٹل دنیا میں تحفظ فراہم کرے ۔وفاقی وزیر داخلہ نے خواتین اور بچوں کو آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور ڈیجیٹل استحصال سے متعلق شکایات پر خصوصی ترجیح دینے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments