پاکستان ملائشیا کاچاول برآمدات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
دونوں ممالک کا ادارہ جاتی روابط بڑھانے پر اتفاق، نومبر میں مشترکہ ورچوئل اجلاس ہوگا وفاقی سیکرٹریزعامر علی احمد اور جواد پال کی کوالا لمپور میں ملائشین حکام سے ملاقاتیں
اسلام آباد (آن لائن)پاکستان اور ملائشیا نے چاول کی برآمدات بڑھانے ، حلال سرٹیفکیشن کے معیارات میں ہم آہنگی اور غذائی تحفظ کے شعبے میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے ۔ کوالالمپور میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک نے زرعی تجارت، تکنیکی تعاون، حلال مصنوعات کی مارکیٹ تک رسائی اور معلومات و تجربات کے تبادلے کو فروغ دینے پر زور دیا۔وفاقی سیکرٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق عامر علی احمد اور وفاقی سیکرٹری تجارت جواد پال نے پاکستان کے ملائشیا میں ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ کے ہمراہ برناس، جاکم اور ملائشیا کی وزارتِ زراعت و غذائی تحفظ کے حکام سے ملاقاتیں کیں۔ برناس حکام سے ملاقات میں پاکستانی چاول کی برآمدات بڑھانے اور معیار و تقاضوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں چاول، گوشت، پولٹری، ماہی گیری و آبی زراعت، حیوانی ویکسینز، حیاتیاتی تحفظ اور حلال جیلاٹن کی فراہمی سمیت مختلف امور زیر بحث آئے ۔ دونوں ممالک نے ادارہ جاتی روابط کے لیے باضابطہ طریقہ کار قائم کرنے پر اتفاق کیاجس کا آغاز نومبر میں مشترکہ ورچوئل اجلاس سے ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments