9مئی جیسے حالات ہوئے تو فیصلہ کن طاقت کیساتھ نمٹا جائیگا:کورکمانڈز کانفرنس
پاکستان کیلئے داخلی استحکام انتہائی اہم ، کسی بھی جواز پر پُرتشدد انتشارکی کسی بھی کوشش کو بلا امتیاز طاقت اور قانون کے ذریعے روکیں گے ،افغانستان میں دہشتگردی کیخلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں دفاعی حق پولیس کی استعدادِ کار بڑھائی جائے ، شرکا کانفرنس کا سعودی عرب کیخلاف حوثی حملوں پر اظہار برہمی ،قوم کی حمایت کیساتھ افواج ملکی خودمختاری، سلامتی کے تحفظ کیلئے مکمل طور پر تیار :فیلڈ مارشل عاصم منیر
راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں واضح کیا گیا کہ 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کیساتھ بلاامتیاز اورفیصلہ کن طاقت کے ساتھ نمٹا جائیگا۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کے آغاز میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور معصوم شہریوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ شرکا نے شہدا کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے قرار دیا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں۔ فورم کے مطابق ہندوستان کے آلہ کار کے طور پر دہشتگردی کے سنگین نتائج کی ذمہ دار صرف طالبان کی قیادت ہے ۔فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری کامیاب انسدادِ دہشتگردی کارروائیوں کو سراہا اور کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے زمینی کارروائیوں کے ساتھ مو ثر انتظامی اور گورننس اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ گورننس کو بنیادی سطح پر عوام کے قریب لانا ضروری ہے ، جبکہ عوام کے ساتھ دہشتگردی کی وجوہات اور عوامل پر مو ثر رابطہ کاری اور بیانیے پر بھی کام کیا جائے ۔
فورم نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مخصوص عناصر کے زیرِ سایہ چلنے والے کرائم، ٹیرر گٹھ جوڑ کو توڑنے اور پولیس کی استعدادِ کار بڑھانے پر بھی زور دیا۔کانفرنس کے شرکا نے واضح کیا کہ پاکستان کیلئے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے ۔ کسی بھی جواز پر پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو فیصلہ کن طاقت اور قانون کے ذریعے بلاامتیاز اور بلا جھجھک نمٹا جائے گا۔کور کمانڈرز کانفرنس نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دیرینہ سٹراٹیجک تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم پیش رفت قرار دیا۔فورم نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت اور اظہارِ برہمی کیا، جبکہ سعودی عرب کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور حرمین شریفین کے تحفظ و تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا بھرپور اعادہ کیا۔کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہدایت کی کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھا جائے ۔ انہوں نے فارمیشنز پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے حصول، تربیت اور تمام جنگی جہتوں کے انضمام کے ذریعے دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کیا جائے ۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments