ہمت ہے تو پی ٹی آئی صوابی پہنچ کر دکھائے :فیصل کریم
پشاور (اے پی پی)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کی موجودہ خراب صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ کو اخلاقی طور پر استعفیٰ دے دینا چاہیے ، جو اپنے اراکین اسمبلی اور وزرا کا تحفظ نہیں کرسکتے ، وہ صوبے کے عوام اور وسائل کا تحفظ کیسے کریں گے ۔
گورنر ہا ئوس پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کہتے ہیں کہ ان کے پاس اختیارات نہیں، اگر ایسا ہے تو وہ حکومت میں کیوں بیٹھے ہیں، کیا صرف پیسہ بنانے اور کرپشن کے لیے حکومت میں ہیں؟ صوبے میں ڈاکٹرز، نرسز، اساتذہ اور مختلف محکموں کے ملازمین ہڑتال پر ہیں، لیکن حکومت اپنے معاملات میں مصروف ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما کہتے ہیں کہ ہم نہ بھی ہوئے تو کارکن چلے جائیں گے ، میں کہتا ہوں کہ جرات ہے تو لیڈر پہلے خود آجائیں، مجھے معلوم ہے کہ ان کے ساتھ کیسے نمٹنا ہے اور گورنر ہا ئوس کی حفاظت کیسے کرنی ہے ۔ اگر 9 مئی جیسے اقدامات کی دوبارہ کوشش کی گئی تو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے ۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسے لانگ مارچ کے بجائے سرکس بنا دیا گیا ہے ۔ اگر ان میں ہمت ہے تو صوابی پہنچ کر دکھائیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر کوئی اپنے من پسند طریقے سے نظام چلانے کی کوشش کرے گا تو مسائل حل نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے ساتھ اچھے تعلقات ہونے کا دعوی ٰاپنی جگہ، لیکن جب تک ان کے پاس اپنے فیصلے کرنے کا اختیار نہیں ہوگا، مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے ، جب کہ حکومت اپنی سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہے ۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال سے متعلق وفاقی حکومت جب بھی رپورٹ طلب کرے گی، انہیں دستیاب معلومات کی بنیاد پر حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments