لاہور میں صبح سویرے موسلادھا ر بارش ، خنکی میں اضافہ
نشیبی علاقوں میں پانی جمع ، 110 فیڈرز ٹرپ کرگئے ،گھنٹوں بجلی بند پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد ہر طرف سفیدی چھا گئی
لاہور ،نوشہرہ ورکاں ،گلگت،ملتان(اپنے کامرس رپورٹر سے ،دنیا نیوز،ایجنسیاں )پنجاب کے مختلف شہروں میں بادلوں کے ڈیرے برقرار ہیں، لاہور میں صبح سویرے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ساندہ، چوبرجی، فیروزپور روڈ، گلبرگ، کینال روڈ، مسلم ٹاؤن،جوہر ٹائون اور دیگر علاقوں میں بادل برسنے سے موسم خوشگوار جبکہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی اور خنکی میں اضافہ ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔شہر میں ہونے والی بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثربارش کے باعث لیسکو کے 110 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے ،فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ،ہربنس پورہ، کینال پارک،مغل پورہ، شالیمار، باغبانپورہ، بھٹہ چوک،قلعہ گجر سنگھ، سمن آباد، والٹن روڈ، چونگی امرسدھو، بادامی باغ، شاہدرہ کے مختلف علاقوں میں بجلی بند رہی جس سے اہل علاقہ کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
لیسکو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارش شروع ہوتے ہی لیسکو کی تمام ٹیموں کو ہائی الرٹ کردیا گیا تھا اور بارش رکتے ہی بجلی بحالی کا عمل شروع کیا گیا، تمام فیڈرز سے بجلی بحال کردی گئی ہے ۔اس کے علاوہ منچن آباد، سانگلہ ہل، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں اور دیگر شہروں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ دوسری جانب آزاد کشمیر کے پہاڑوں کے بعد شہری آبادیوں میں بھی برفباری ہوگئی، وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی، سیاحتی گاؤں اڑنگ کیل میں برفباری سے ہرطرف سفیدی بکھر گئی، گریس ویلی، شونٹھر میں بھی گزشتہ رات برفباری ہوئی۔مظفرآباد شہر اور گردونواح میں بھی بارش سے موسم تبدیل ہوگیا، وادی لیپہ، ضلع باغ، حویلی کے بلند پہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی، آج بھی بعض علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے ۔چترال اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، جبکہ پہاڑوں پر موسم کی پہلی برفباری کے بعد ہر طرف سفیدی چھا گئی، بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور شہریوں نے گرم کپڑے پہننا شروع کر دئیے ہیں۔ گلگت بلتستان کے بالائی پہاڑی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی جبکہ گلگت شہر، سکردو، ہنزہ اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم سرد ہوگیا اور معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments