غیر ملکی شہریت کی اجازت کیلئے سول سرونٹس کا پروفارما جاری

غیر ملکی شہریت کی اجازت کیلئے سول سرونٹس کا پروفارما جاری

غیر ملکی شہریت، امیگریشن، خاندانی معلومات، وجوہات،حلف نامے کی تفصیلات طلب

 اسلام آباد (ایس ایم زمان) وفاقی حکومت نے سول سرونٹس (غیر ملکی شہریت) رولز 2026 کے رول 4 کے تحت اجازت یا منظوری حاصل کرنے کے لیے باضابطہ پروفارما جاری کر دیا ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پروفارما تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں کو بھجواتے ہوئے افسران سے مطلوبہ معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے تیار کردہ پروفارما کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں ذاتی کوائف، غیر ملکی شہریت یا امیگریشن کی تفصیلات اور حلف نامہ شامل ہیں۔پروفارما کے پہلے حصے میں سول سرونٹ کا نام، شناختی کارڈ نمبر، بی پی ایس، سروس، کیڈر یا گروپ، وزارت، ڈویژن یا محکمہ، موجودہ تعیناتی کی جگہ، حکومت میں تقرر کی تاریخ، دفتری،موبائل نمبر اور ای میل درج کرنا ضروری ہے ۔

دوسرے حصے میں مجوزہ امیگریشن یا غیر ملکی شہریت سے متعلق معلومات طلب کی گئی ہیں۔ درخواست دہندہ کو اس ملک کا نام بتانا ہوگا جہاں کی امیگریشن، مستقل رہائش (پی آر)، غیر ملکی شہریت یا شہریت کے حصول کے لیے سفری دستاویز کی درخواست دینے کا ارادہ ہے ۔ اس کے علاوہ درخواست کی وجوہات اور طریقہ کار بھی بتانا ہوگا، مثلاً ملازمت، سرمایہ کاری، امیگریشن سکیم، شادی یا فیملی ری یونین۔پروفارما میں یہ بھی واضح کرنا ہوگا کہ آیا درخواست دہندہ کا کوئی خاندانی رکن پہلے سے غیر ملکی شہریت، پی آر یا پاکستان کے علاوہ کسی دوسرے ملک کی شہریت کے حصول کے اہل سفری دستاویز کا حامل ہے ۔ اگر ایسا ہے تو اس کی تفصیلات اور بنیاد فراہم کرنا ہوگی۔ خاندانی رکن کی تعریف سول سرونٹس (کنڈکٹ) رولز 2026 کے رول 3(3) کے تحت لاگو ہوگی۔درخواست دہندہ کو یہ بھی بتانا ہوگا کہ آیا اس کے ساتھ کوئی خاندانی رکن دوسرے ملک کی شہریت کے لیے درخواست دے رہا ہے ۔ اگر ہاں تو اس کے نام اور رشتے کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی۔ مزید برآں درخواست جمع کرانے کی متوقع تاریخ، امیگریشن یا شہریت کے حصول کے عمل کی تکمیل کے لیے متوقع مدت اور کسی ملک میں تسلیم شدہ سفارتی عہدے پر تعیناتی کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔پروفارما کے تیسرے حصے میں اعلان اور حلف نامہ شامل ہے جس کے تحت درخواست دہندہ کو اقرار کرنا ہوگا کہ فراہم کردہ تمام معلومات درست اور مکمل ہیں۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...