پنجاب کو ویمن فرینڈلی بنا دیا، خواتین کیخلاف جرائیم کسی صورت قبول نہیں : مریم نواز

 پنجاب کو ویمن فرینڈلی بنا دیا، خواتین کیخلاف جرائیم کسی صورت قبول نہیں : مریم نواز

کنیئر ڈ کالج کی طالبات کیلئے لیپ ٹاپ، پانچ بسیں دینے ، الیکٹروبس کا روٹ بڑھانے کا اعلان لڑکی ہونیکی وجہ سے خواب پورے کرنا مشکل ،چیلنجز آتے ہیں،باری باری سب سے نمٹیں، کالج کے کانووکیشن سے خطاب ہر گاؤں میں ویلیج کمیٹی بنانے کا فیصلہ ، ترقی اب بڑے شہروں تک محدود نہیں، ہر گاؤں تک بھی ثمرات پہنچیں گے :وزیر اعلیٰ

لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ میں نے پنجاب کی بیٹیوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے  تین سال دن رات محنت کی اور پنجاب کو ویمن فرینڈلی صوبہ بنایا،خواتین کیخلاف جرائم کسی صورت بھی قبول نہیں،کنیئرڈ کالج کے 89ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کالج کی طالبات کیلئے لیپ ٹاپ اورپانچ بسیں فراہم کرنے کا اعلان کیا جبکہ طالبات کے مطالبے پر الیکٹروبس کا روٹ ایک کلومیٹر بڑھا دیا، وزیراعلیٰ نے کہا میں جانتی ہوں کہ لڑکی ہونے کی وجہ سے خواب پورے کرنا مشکل ہوجا تاہے ،لڑکا محنت کرتا ہے تو کہتے ہیں اسے آگے جانا ہے ،لڑکی محنت کرتی نظر آ ئے تو کہتے ہیں،اسے اپنی پڑی ہوئی ہے ،لڑکیوں کو کامیابی کیلئے زیادہ کام کرنا پڑتا ہے ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ صبح 9بجے سے شام 6 بجے تک آفس کا کام کرتی ہوں،6بجے سے رات 10بجے تک گھریلو فرائض نبھاتی ہوں،کسی کو پروفیشنل لائف میں کامیابی کیلئے گھر کو نظر انداز کرنے کے بارے میں بات کرنے کا موقع نہ دیں ،بچیوں کو سکوٹی،رکشے چلاتے اورکام کرتے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

صبح یونیورسٹی اورشام کو اوبر چلانے والی بچی کی ویڈیو دیکھ کربہت خوشی ہوئی ،کبھی فکر نہ کریں،زندگی میں چیلنجز آتے رہتے ہیں،باری باری سب سے نمٹیں ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے بھی سننا پڑا تھا،پنجاب مشکل صوبہ ہے ،یہاں پولیس اوربیورکریسی کو چلانا مشکل کام ہے ،اگر محنت کریں تو خاتون سی ایم،منسٹر،کمشنراورڈپٹی کمشنر بھی بن سکتی ہے ، انہوں نے کہا کہ کسی بچی کے ساتھ بدسلوکی کا واقعہ سامنے آجائے تو اس کا علاج کرنے تک سوتی نہیں۔الیکٹروبس میں نصب سی سی ٹی و ی کیمرے پر ہراسانی کی نشاندہی پر فوری کارروائی کی جاتی ہے ،بچیوں سے کہتی ہوں ہراسانی کے واقعہ کی رپورٹ ضرور کریں تاکہ کارروائی ہو،کنیئرڈ کالج میں بھی پینک بٹن موجود ہیں،چند سال پہلے سموگ ہوا کرتی تھی،اب سموگ کا نام نہیں،مریم اورنگزیب نے جنگجو کی طرح کام کیا، انہوں نے کہا کہ جب چارج سنبھالا تو 22یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر نہیں تھے ،اب ہر یونیورسٹی میں 100فیصد میرٹ پر وائس چانسلر لگ چکے ہیں ،انہوں نے کہا کہ مجھے ڈر خوف نہیں کیونکہ ڈر خوف سے فیصلہ کرنے کی طاقت متاثر ہوتی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے طالبات سے کہہ کر والدین کے لئے بھی تالیاں بجوائیں۔

دریں اثنا وزیر اعلٰی پنجاب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب کے دیہات کو مثالی گاؤں بنانے کے پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، ا س موقع پرپنجاب میں خوشحال دیہات ایکٹ 2026 متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں 120 دیہات میں فوری طور پر پائلٹ پراجیکٹ کے آغاز پر اتفاق کیا گیا، ہر گاؤں میں عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ویلیج کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس کی وزیراعلیٰ نے منظوری بھی دیدی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی اب بڑے شہروں تک محدود نہیں، ہر گاؤں تک بھی ثمرات پہنچیں گے ،دریں اثنا وزیراعلیٰ نے ورلڈآسٹیوپوروسس ڈے پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ہڈیوں کی کمزوری کی بیماری، بچاؤ، تشخیص اور علاج کے بارے میں شعور ضروری ہے ، زندگی بھر کے لیے ہڈیوں کی حفاظت اور انہیں مضبوط بنانا سال 2026 کااس دن کا خصوصی تھیم ہے ۔ ہڈیوں کی کمزوری خاموش بیماری کہلاتی ہے ، ہڈی ٹوٹنے سے پہلے کوئی واضح علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔ہڈیوں کی مضبوطی کیلئے ، کیلشیم، وٹامن ڈی اور پروٹین سے بھرپور متوازن غذا کا استعمال کریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...