2027 میں بجلی صارفین سے 1914 ارب روپے کپیسٹی پیمنٹس وصول کرنیکی تیاری ، 6 ممکنہ ٹیرف تجویز
مشرق وسطیٰ کی صورتحال ، عالمی توانائی مارکیٹ کو مدنظر رکھا گیا،جنوری تادسمبر آئیڈیل صورتحال میں فی یونٹ خریداری تخمینہ 25.88روپے ،خراب ترین صورتحال میں 29.25روپے لگایا گیا بجلی خریداری قیمت 26.44روپے یونٹ مقرر کی گئی تو خریداری پر 3439ارب خرچ ، پیداوار کی خالص قیمت 1206ارب روپے ہوگی،کپیسٹی پیمنٹس کی مد میں 150فیصد سے زائد رقم ادا کی جائیگی یہ ادائیگیاں بجلی استعمال نہ ہونے کے باوجود بجلی گھروں کو کی جاتیں ،بوجھ صارفین سے وصول کیا جائیگا،سی سی پی اے کی درخواست پرنیپرا 3 نومبر کو سماعت کریگی،یکم جنوری سے نیا ٹیرف مقرر کرنیکی استدعا
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) سنٹرل پاور پر چیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے ) نے سال 2027 کے لیے بجلی کی خریداری کی قیمت مقرر کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی۔ مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور عالمی توانائی مارکیٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے سی پی پی اے نے بجلی کی خریداری کے لیے 6 ممکنہ ٹیرف تجویز کیے ہیں جن میں سے کسی ایک کی منظوری دی جائے گی۔ درخواست کے مطابق اگلے سال بھی بجلی صارفین پر بھاری مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے جس کا بڑا حصہ کپیسٹی پیمنٹس کی مد میں ہوگا۔سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق اگر بجلی کی خریداری کی قیمت 26 روپے 44 پیسے فی یونٹ مقرر کی جاتی ہے تو سال 2027 میں بجلی کی خریداری پر 3439 ارب روپے خرچ ہوں گے جن میں سے 1914 ارب روپے کپیسٹی پیمنٹس کی مد میں ادا کیے جائیں گے جبکہ بجلی کی پیداوار کی خالص قیمت 1206 ارب روپے ہوگی۔
اس طرح بجلی کی پیداوار کی خالص قیمت کے مقابلے میں 150 فیصد سے زائد رقم کپیسٹی پیمنٹس کی مد میں ادا کی جائے گی۔ یہ ادائیگیاں بجلی استعمال نہ ہونے کے باوجود بجلی گھروں کو کی جاتی ہیں اور ان کا بوجھ صارفین سے وصول کیا جائے گا۔درخواست میں آپریشن اینڈ مینٹی ننس کی مد میں 70 ارب روپے سے زائد اور ٹرانسمیشن چارجز کی مد میں 248 ارب روپے سے زائد ادائیگیوں کا تخمینہ بھی دیا گیا ہے ۔ سی پی پی اے نے یکم جنوری 2027 سے بجلی کا نیا ٹیرف مقرر کرنے کی استدعا کی ہے ۔جنوری سے دسمبر 2027 تک آئیڈیل سیناریو کے تحت فی یونٹ بجلی کی خریداری کی قیمت کا تخمینہ 25 روپے 88 پیسے جبکہ خراب ترین سیناریو میں 29 روپے 25 پیسے لگایا گیا ہے ۔ حتمی ٹیرف کے مطابق بجلی کی خریداری کی مجموعی لاگت میں فرق آئے گا۔ نیپرا اتھارٹی 3 نومبر کو درخواست پر سماعت کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments