سینیٹ کمیٹی:جعلی کاسمیٹکس کی روک تھام کیلئے قانون سازی پر غور
سلیم مانڈوی والا کی بورڈ میں سینیٹر اور درآمد کنندگان کا نمائندہ شامل کرنے کی تجویز
اسلام آباد (نامہ نگار) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا اجلاس چیئرمین کامل علی آغا کی زیر صدارت ہوا جس میں دی پاکستان جنرل کاسمیٹکس بل 2026کا جائزہ لیا گیا۔ سلیم مانڈوی والا نے بورڈ میں سینیٹر اور درآمد کنندگان کا نمائندہ شامل کرنے کی تجویز دی ، کمیٹی نے بل کی ترامیم پر مزید غور کیلئے وزارت قانون و انصاف کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ،سینیٹ نے 14اکتوبر 2026 کو بل سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی ترامیم کے ساتھ دوبارہ غور اور رپورٹ کے لیے کمیٹی کو واپس بھیجا تھا۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے جعلی کاسمیٹکس کی روک تھام اور ضابطہ جاتی نظام مضبوط بنانے پر زور دیا۔
متعلقہ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بتایا کہ یہ شعبہ تقریباً 15 سال سے کام کر رہا ہے تاہم معروف برانڈز کے نام سے جعلی مصنوعات کی فروخت صارفین اور جائز کاروبار کے لیے بڑا مسئلہ ہے ۔وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج نے غیر معیاری اور غیر محفوظ مصنوعات سے عوامی صحت کو لاحق خطرات پر مؤثر قانون سازی کی ضرورت اجاگر کی۔ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کہا کہ قانون کی دفعات قابل عمل ہونی چاہئیں تاکہ نفاذ میں مشکلات پیدا نہ ہوں اور مقامی صنعت کی ترقی بھی متاثر نہ ہو۔کمیٹی نے بل کی دفعہ 4 کے تحت آٹھ رکنی بورڈ کی تشکیل پر غور کیا۔ سلیم مانڈوی والا نے ایک سینیٹر اور درآمد کنندگان کے نمائندے سمیت دو مزید ارکان شامل کرنے کی تجویز دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments