35 ارب روپے کا مبینہ فراڈ: امریکا کو مطلوب ملزم لاہور سے گرفتار
خانیوال کے سافٹ وئیر انجینئر فہیم اکرم پر امریکی محکمہ ڈاک کی جعلی ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا الزام تھا امریکا نے گرفتاری میں مدد پر1 لاکھ ڈالر انعام مقرر کیا،تاحال ہمیں کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی:طلال
لاہور، اسلام آباد(اپنے کامرس رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک )نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے )نے 35 ارب روپے مالیت کی جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے مطلوب ملزم فہیم اکرم کو لاہور سے گرفتار کر لیا،امریکا نے خانیوال کے رہائشی ملزم 33 سالہ فہیم اکرم کی گرفتاری میں مدد دینے پر ایک لاکھ ڈالر کے انعام کا اعلان کر رکھا تھا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیرنے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ ملزم اگست 2023 سے ستمبر 2026 تک LabelsBank.com کے نام سے ویب سائٹ چلا رہا تھا، جس کے ذریعے 50 لاکھ سے زائد جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے ،فی ڈاک ٹکٹ 2 امریکی ڈالر وصول کیے گئے ،فروخت ٹکٹوں کی مجموعی مالیت پاکستانی کرنسی میں تقریباً 35 ارب روپے ہے ۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مبینہ فراڈ کیلئے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے گئے ، جن میں ملزم کے 7، اس کے بھائی کے 5، اہلیہ کے 2، جبکہ بہن اور خالہ کا 1، 1 اکاؤنٹ شامل ہے ، مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی اور10 روز تک خصوصی لوکیٹر آپریشن بھی جاری رہا جس کے نتیجے میں ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
عاطف امیر کے مطابق کیس کی مؤثر اور جامع تحقیقات کیلئے ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے جو اس نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کے کردار کی مزید چھان بین کرے گی۔ اس کے علاوہ لاہور میں تین مقامات پر غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائیوں میں7خواتین سمیت 59 افراد گرفتارکئے ہیں ،ملزمان امریکی ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندے بن کر امریکی شہریوں کو جعلی موبائل ڈیلز اور رعایتی پیکجز کی پیشکش کرکے مالی فراڈ کرنے کے بھی الزامات ہیں۔ دریں اثناء پولیس حکام کے مطابق فہیم اکرم خانیوال کے علاقے پیپلز کالونی کا رہائشی اورسافٹ ویئر انجینئر ہے ،اس کا ایک بھائی بھی مبینہ طور پر اُس کے ساتھ کام کرتا تھا۔ اس سے قبل امریکی اٹارنی جیسن اے ریڈنگ کوئینونیز نے بتایا تھا کہ امریکی حکام نے فہیم اکرم کی ویب سائٹ بند کر دی ہے اور اب اسے تلاش کرنے میں حکام کو لوگوں کی مدد درکار ہے ۔ امریکی حکام کے مطابق 33 سالہ فہیم اکرم پر جعلی ڈاک ٹکٹوں اور شپنگ لیبلز کا نیٹ ورک چلانے کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی گئی،فردِ جرم کے مطابق مبینہ سازش کے دوران 51 لاکھ سے زیادہ جعلی اور نقلی پوسٹل لیبلز 5200 سے زائد افراد کو فروخت کیے گئے ، جس سے امریکی پوسٹل سروس کو تقریباً 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی آمدنی کا نقصان پہنچا۔ دوسری جانب وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا تھا کہ فہیم اکرم کے کیس میں امریکی حکام کی جانب سے تاحال حکومت پاکستان کو کوئی باقاعدہ درخواست موصول نہیں ہوئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments