مریم نواز کا عینک اور دوسرے جاسوسی آلات پر پابندی یقینی بنانے کا حکم
پنجاب میں بدمعاشی کلچر برداشت نہیں ہوگا، معافی نہیں دیں گے :وزیراعلیٰ پنجاب کا خصوصی اجلاس سے خطاب دھرنے میں بہترین ڈیوٹی پر آرایم سی کو سراہا،جاں بحق پولیس افسروں کے ورثاکو تاحیات تنخواہ دینے کی ہدایت
لاہور (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کیمرے والی عینک سمیت دیگر جاسوسی آلات پر پابندی یقینی بنانے کا حکم دیدیا ،انہوں نے اپنی زیر صدارت امن و امان پر منعقدہ خصوصی اجلاس کے دوران پولیس کو تمام اضلاع بالخصوص صوبائی سرحدی علاقوں سے گندم کی سمگلنگ روکنے ،انسداد رشوت ستانی مہم اور ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی بھی ہدایات جاری کر دیں ۔ خصوصی اجلاس میں آرپی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک شرکت کی اور ڈویژن اور ڈسٹرکٹ سے متعلق امن وامان پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ٹریفک مینجمنٹ پرعدم اعتماد کا اظہار کیا اور اوور سپیڈنگ پر یقینی کارروائی کی ہدایت کی،پولیس کو صوبہ بھر میں ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف پیشگی کارروائی اور برآمدگی،صوبہ بھر میں پولیس کوپٹرولنگ کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے تمام آرپی اوز کو ہر قسم کے جرائم پر ویکلی میٹنگ کا حکم دیا ۔ مریم نواز نے لاہور میں ڈولفن کو پٹرولنگ کیلئے بائیکس اور دیگر سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مجوزہ دھرنے کے دوران بہترین ڈیوٹی پر آرایم سی کو سراہا اور ڈیوٹی کے دوران جاں بحق پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جاں بحق پولیس افسروں کے اہل خانہ کو تاحیات تنخواہ اور پیکج دینے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے راولپنڈی ڈویژن میں امن وامان کی صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا اورملتان واقعہ سمیت ہر سنگین جرم بارے تفصیلی بریفنگ لی۔ آئی جی پنجاب نے صوبہ بھر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال بارے تفصیلی بریفنگ دی اوربتایا کہ پنجاب میں جرائم کی مجموعی شرح میں کمی کا رجحان جاری ہے ۔ لاہور میں جرائم کی شرح میں مجموعی طور پر 41 فیصد کمی ہوئی، ڈیرہ غازی خان ریجن میں مجموعی طور پرجرائم میں 16 فیصد، کوٹ ادو 27 فیصد، راجن پور 7 فیصد، لیہ 25، ڈیرہ غازی خان 9 فیصد اور مظفر گڑھ میں 25 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ بہاولپور ریجن میں مجموعی طور پر جرائم کی شرح میں 52 فیصد،شیخوپورہ ریجن میں 32 فیصد ، ملتان ریجن 47 فیصد،راولپنڈی ریجن کے جرائم میں مجموعی طورپر 36 فیصد کمی آئی ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ساہیوال ریجن کے جرائم میں مجموعی طور پر 42 فیصد، گوجرانوالہ ریجن میں 67 فیصد ، گجرات ریجن میں 58 فیصد کمی ہوئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں بدمعاشی کلچر برداشت نہیں ہوگا، معافی نہیں دیں گے ،منشیات کے خاتمے کیلئے بھرپور کارروائی یقینی بنائی جائے ۔ جرائم کے ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی اور نیٹ ورک توڑنے کیلئے بھرپوراقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں ہرجگہ پٹرولنگ نظر آنی چاہیے تاکہ جرائم پیشہ افراد میں قانون کا خوف پیدا ہو، ہجوم سے نمٹنے کیلئے مخصوص آر ایم سی پولیس فورس کی مستقل کیپسٹی بلڈنگ جاری رکھی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments