نارنگ:موٹروے پر ایلیٹ پولیس کی گاڑی کو حادثہ، 2کا نسٹیبل جاں بحق، 4زخمی
ایلیٹ پولیس فورس جہلم کے اہلکار سپیشل ڈیوٹی کیلئے لاہور آ رہے تھے ،انٹرچینج کے قریب گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا ہیڈ کانسٹیبل نوید افضل اور ڈرائیور اصغر موقع پر دم توڑ گئے ،زخمی اہلکار میو ہسپتال داخل، آئی جی کا اظہار افسوس
نارنگ منڈی،مریدکے ،لالہ موسیٰ،لاہور (نمائندگان دنیا ،نامہ نگار)سیالکوٹ موٹروے پر مریدکے نارنگ قرشی انٹرچینج کے قریب ایلیٹ پولیس جہلم کی گاڑی کو حادثہ،ڈرائیور سمیت 2پولیس اہلکار جاں بحق ، 4 شدید زخمی ، زخمیوں کو میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایلیٹ پولیس فورس جہلم کے اہلکار گاڑی پر سپیشل ڈیوٹی کیلئے لاہور سیالکوٹ موٹروے کے راستے لاہور آ رہے تھے کہ نارنگ مریدکے روڈ قرشی انٹرچینج کے قریب اچانک گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا اورگاڑی الٹ گئی، حادثہ کے نتیجہ میں ہیڈ کانسٹیبل60سالہ محمد نوید افضل سکنہ جہلم اور ڈرائیور اصغر سکنہ گجرات موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ گاڑی پر سوار دیگر 4اہلکار سرمد، مدثر، ہارون اور فائق شدید زخمی ہو گئے ،حادثے کی اطلاع پر امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی ، زخمی اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔زخمی اہلکاروں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔دریں اثنا سینئر پولیس افسران نے میو ہسپتال میں زیر علاج زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ادھر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شیخوپورہ موٹروے پر قرشی انٹرچینج کے قریب ایلیٹ پولیس فورس جہلم کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ پولیس فورس سے حادثے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس دکھ کی اس گھڑی میں شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ برابر کی شریک ہے ،شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments