چیف جسٹس عالیہ نیلم کی لودھراں آمد،مختلف منصوبوں کا افتتاح
بروقت فیصلے ، زیرِالتوا مقدمات نمٹانے کیلئے وسائل بروئے کار لائے جارہے سہولیات کی بہتری انصاف تک رسائی کو بھی آسان بناتی ہے :چیف جسٹس
لودھراں(سٹی رپورٹر )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی لودھراں آمد، ڈسٹرکٹ کورٹس کا دورہ، مختلف پراجیکٹس کا افتتاح کیا، عدالتی امور میں بہتری اور انصاف کی بروقت فراہمی پر زور دیا۔جسٹس محمد طارق ندیم،جسٹس علی ضیاء باجوہ،رجسٹرار عبدالرحیم بھی ہمراہ تھے ۔دورہ کے دوران سیشن جج محمد آصف رانا نے چیف جسٹس کوعدالتی امور،کارکردگی، سہولیات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنرمحمد اشرف، ڈی پی او بینش فاطمہ، صدر ڈسٹرکٹ بار لودھراں محمد کامران خان،جنرل سیکرٹری شہباز احمد بھٹی،سینئر سول جج ایڈمن محمد نوید اختر، صفت اللہ،عاصم شفیق، مہوش محمود،ایاز محمود، رانا محمد راشد،اسد حیات ،صدر تحصیل بار کہروڑپکا عبدالستار،صدر تحصیل بار دنیاپور ملک اختر اقبال اعوان،ممبر پنجاب بار کونسل رانا لیاقت علی خان بھی موجود تھے ۔چیف جسٹس نے لیڈیز بار روم،کامن روم،میٹنگ روم سمیت ضلع کے تمام ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کا افتتاح کیا۔جسٹس عالیہ نیلم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کا بنیادی مقصد عوام کو بلاتفریق شفاف طریقہ کار کے تحت قانون کے مطابق انصاف فراہم کرنا ہے ،نظامِ انصاف کی بہتری،عدالتی ذمہ داریوں کی مؤثر ادائیگی اور سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں ،ججز اور عدالتی عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور ذمہ داری کا احساس بنیادی اہمیت رکھتا ہے ،کیسز کے بروقت فیصلے ، زیرِالتوا مقدمات نمٹانے کیلئے وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے مزید کہا کہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی،قانون کی بالادستی ہی قابلِ اعتماد نظامِ انصاف کی بنیاد ہے ،عدالتوں میں سہولیات کی بہتری انصاف تک رسائی کو بھی آسان بناتی ہے ،سائلین کو غیر ضروری مشکلات سے بچانا انصاف کی مؤثر فراہمی کے بنیادی تقاضے ہیں۔اس دوران ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد آصف رانا نے ضلعی کورٹس میں مقدمات کی سماعت،عدالتی انتظامات اور مختلف شعبوں میں بہتری کیلئے اقدامات سے آگاہ بھی کیا۔بریفنگ کے دوران ضلعی عدلیہ کے انتظامی امور اور عدالتی نظام کو مزید فعال بنانے سے متعلق تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔بعد ازاں چیف جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس محمد طارق ندیم، جسٹس علی ضیاء باجوہ نے ڈسٹرکٹ کورٹس میں پودے بھی لگائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments