عمران کی بہنوں کی حراست:ہوم سیکرٹری ، جیل سپرنٹنڈنٹ طلب
علیمہ خان، ڈاکٹر عظمیٰ ، نورین نیازی کو رہا کرنے کا حکم دیا جائے :درخواستگزار ہائیکورٹ کا پی ٹی آئی ورکر کی ہراسانی کیخلاف درخواست پرحکام سے جواب طلب
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی3 بہنوں علیمہ خان، ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی حراست اور بنیادی سہولیات سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے ہوم سیکرٹری اور جیل سپرنٹنڈنٹ کوذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ۔ جسٹس عبہر گل خان نے علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز اور سکینہبی بی کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ تینوں خواتین کو نظر بند ہوئے 35 روز گزر چکے ، نظر بندی کی مدت ختم ہونے کے باوجود انہیں حراست میں رکھا گیا ہے ،نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو ادویات، کپڑے اور دیگر بنیادی ضروریات بھی فراہم نہیں کی گئیں۔ عدالت نظر بندی کے احکامات کالعدم قرار دے کر تینوں خواتین کی فوری رہائی کا حکم دے ، انہیں ادویات، کپڑے اور کتابیں فراہم کی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔دوسری طرف جسٹس عبہر گل خان نے پی ٹی آئی کارکن اکمل خان باری کی پولیس ہراسانی کے خلاف دائر درخواست پر لاہور پولیس اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے )سے 26 اکتوبر کو جواب طلب کرلیا۔ درخواستگزار نے لاہور پولیس، ایف آئی اے اور تھانہ شاہدرہ کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ میرے خلاف کوئی مقدمہ درج ہے نہ ہی وہ کسی مقدمے میں ملوث ہیں، تاہم پولیس انہیں سیاسی سرگرمیوں سے روکنے کیلئے مبینہ طور پر ناجائز طور پر تنگ اور ہراساں کررہی ہے ۔ عدالت متعلقہ حکام کو ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments