اسلام آباد :اراضی قبضے کیخلاف آپریشن،5پلازے خالی کرا لیے

 اسلام آباد :اراضی قبضے کیخلاف آپریشن،5پلازے خالی کرا لیے

ملپور میں واگزار مہم کے دوران دو پمپس، 9 پلازے ، 25 مکانوں کی نشاندہی

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری انتظامیہ نے سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ اور اسلام آباد پولیس کے تعاون سے جمعہ کو موضع مالپور میں پانچ کمرشل پلازے خالی کرا کر ان کا قبضہ سی ڈی اے کے حوالے کر دیا۔یہ کارروائی مری روڈ کے قریب سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے ختم کرانے کی مہم کا حصہ ہے جس کے تحت مجموعی طور پر 108 کنال زمین واگزار کرانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ سروے میں متنازعہ اراضی پر دو پٹرول پمپس، نو کمرشل پلازے ، 25 مکانات اور دو گوداموں کی نشاندہی ہوئی ہے ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حالیہ دورے کے دوران متعلقہ حکام کو تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی ہدایت کی تھی۔محکمہ مال کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال میں ملکیتی دستاویزات اور زیر قبضہ اراضی کے مقامات میں مبینہ تضادات سامنے آئے ۔ انتظامیہ کے مطابق بعض دستاویزات میں درج زمین زیر قبضہ جائیدادوں سے تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر دور واقع ہے ۔ مبینہ جعلی دستاویزات اور دھوکہ دہی پر مبنی لین دین میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے سمیت قانونی کارروائی شروع کی جا رہی ہے ۔حکام کے مطابق زیر تنازع پلازوں میں سے ایک پانچ ماہ قبل پانچ کروڑ روپے میں فروخت ہوا تھا۔ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انفورسمنٹ سی ڈی اے ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا کہ سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ عدالتی حکم امتناع والے معاملات میں متعلقہ عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...