سندھ کاروبار کیلئے کھلا، سرمایہ کاروں کو سہولت دینگے ،وزیراعلیٰ
غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی تو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ،مراد علی شاہ برآمدات کیلئے فصلوں پر تحقیق میں تعاون کرینگے ،آئی ایم جی سی وفد سے ملاقات
کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت برآمدات کے لیے موزوں فصلوں پر تحقیق کے فروغ کے لیے انٹرنیشنل ملٹی گروپ آف کمپنیز (IMGC)کے ساتھ قریبی تعاون کرے گی۔ کمپنی نے انہیں ارنڈی اور تل کے بیجوں کی پراسیسنگ، ویلیو ایڈڈ برآمدات اور کاشتکاروں کے ساتھ شراکت داری پر مشتمل اپنے زرعی و غذائی منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے محکمہ سرمایہ کاری اور محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ وہ کمپنی کے ماہرین کے ساتھ بیٹھ کر برآمدی فصلوں پر تحقیق کو آگے بڑھانے کے لیے لائحہ عمل مرتب کریں۔آئی ایم جی سی کے وفد کی قیادت چیئرمین شیخ امجد رشید نے کی ۔ صوبائی حکومت کی جانب سے وزیر معدنیات سردار شاہ، سیکرٹری سرمایہ کاری راجہ خرم شہزاد و دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ کاروبار کے لیے کھلا ہے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد روایتی کاشتکاری سے اعلیٰ قدر کی حامل زرعی و غذائی مصنوعات کی پراسیسنگ کی جانب منتقل ہونا ہے ۔ ہم انٹرنیشنل ملٹی گروپ کے لیے اس منصوبے کے قیام کی خاطر ہر ممکن سہولت اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، کیونکہ اس سے نہ صرف غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی بلکہ دیہی معیشت میں ہمارے نوجوانوں کے لیے ہزاروں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔چیئرمین شیخ امجد رشید نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ آئی ایم جی سی پورٹ قاسم میں ایک مربوط پلانٹ کے قیام کے لیے 50 کروڑ کی سرمایہ کاری کر رہی ہے ، جہاں تل اور ارنڈی دونوں کے بیجوں کی پراسیسنگ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسانوں کو تل اور ارنڈی جیسی نقد آور فصلوں کی جانب راغب کرنے کے لیے آگاہی دینا فوری طور پر ضروری ہے ۔ اجلاس میں وزیر معدنیات کی موجودگی میں کمپنی کے مائن ٹو مارکیٹ ماڈل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر محکمہ زراعت اور محکمہ سرمایہ کاری کے سیکریٹریز کو ہدایت کی گئی کہ وہ کمپنی کے ساتھ قریبی رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے منصوبے کا حتمی لائحہ عمل مرتب کریں اور ضابطہ جاتی امور میں حائل رکاوٹیں دور کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments