ٹیکس ، بڑھتی لاگت کاروباری برادری کے حقیقی مسائل : گیلانی

 ٹیکس ، بڑھتی لاگت کاروباری برادری کے حقیقی مسائل : گیلانی

کاروباری برادری کو قائمہ کمیٹیوں میں تجاویز پیش کرنیکا موقع دیا جائیگا :خطاب چھاپوں، ایف آئی آرز اور گرفتاریوں سے عدم تحفظ پیدا ہورہا،صدر لاہور چیمبر

لاہور(کامرس رپورٹر) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے لاہور چیمبر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری برادری کو سینیٹ کی متعلقہ قائمہ کمیٹیوں، بالخصوص خزانہ، معاشیات، تجارت اور صنعت سے متعلق کمیٹیوں میں اپنے مؤقف اور تجاویز پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ مو ثر معاشی پالیسی سازی کے لیے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت ضروری ہے ۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر، سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی، نائب صدر خادم حسین، رکن قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی، سابق صدور میاں مصباح الرحمٰن اور میاں عزیز الرحمٰن چن نے بھی خطاب کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ٹیکسوں کے مسائل، ریگولیٹری مشکلات، پالیسیوں میں عدم تسلسل اور کاروبار کی بڑھتی ہوئی لاگت کاروباری برادری کے حقیقی مسائل ہیں جن پر توجہ دینا ضروری ہے ۔ سینیٹ ایسا قانونی اور پالیسی ماحول تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کرے گا جو کاروبار کے فروغ، جائز کاروباری مفادات کے تحفظ اور قومی معاشی ترجیحات کے حصول میں معاون ہو۔سید یوسف رضا گیلانی نے لاہور چیمبر پر زور دیا کہ وہ پارلیمانی اداروں کے ساتھ اپنا رابطہ اور تعاون جاری رکھے ، چیمبرز کا عملی تجربہ، تجاویز اور مختلف شعبوں سے متعلق معلومات قانون سازی اور پارلیمانی نگرانی کے عمل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر نے چیئرمین سینیٹ پر کاروبار سے متعلق قوانین کا جائزہ لینے ، ریگولیٹری مسائل حل کرنے اور کاروبار دوست ماحول کے قیام میں کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض قوانین نے کاروبار کرنے میں آسانی اور لاگت کو متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے مختلف ریگولیٹری قوانین کے تحت صنعتی و تجارتی اداروں پر چھاپوں، ایف آئی آرز اور گرفتاریوں کے معاملات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے کاروباری طبقے میں تشویش اور عدم تحفظ پیدا ہو رہا ہے ۔علی حسام اصغر نے واضح کیا کہ کاروباری برادری قوانین پر عمل درآمد اور اصلاحات کے خلاف نہیں، تاہم ان کا طریقہ کار کاروباری افراد کے لیے ہراسانی کا سبب نہیں بننا چاہیے ۔ رکن قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی نے قانون سازی کے معاملات میں لاہور چیمبر کو تعاون کی پیشکش کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...