نیوزی لینڈ کیخلاف وائٹ بال سیریز : صوبائی انتحابات کے سبب شیڈول میں تبدیلی متوقع

نیوزی  لینڈ کیخلاف  وائٹ  بال  سیریز  :  صوبائی  انتحابات  کے  سبب  شیڈول  میں  تبدیلی  متوقع

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف وائٹ بال سیریز کے شیڈول میں صوبائی انتخابات کے سبب تبدیلی متوقع ہے۔

13اپریل سے 7مئی تک طے شدہ پانچ ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے اپنے وقت پر اور ضرور ہوں گے ،کراچی کے بعد میچز لاہور اور راولپنڈی میں ہونا تھے مگر اب تھوڑا سا تبدیل ہونے والا پلان آئندہ ہفتے تک سامنے آجائے گا،آئی سی سی اجلاس کے دوران پاکستان کا موقف مضبوط انداز سے پیش کریں گے ۔نجم سیٹھی کا گزشتہ روز پی ایس ایل سیزن آٹھ کے فائنل سے قبل پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کی ہوم وائٹ بال سیریز کے شیڈول میں تبدیلی متوقع ہے تاہم صوبائی انتخابات کے باعث ردو بدل کا آئندہ ہفتے تک اعلان کردیا جائے گا۔یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 13 اپریل سے 7 مئی تک پانچ ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے میچوں کیلئے پاکستان آئے گی جو کراچی،لاہور اور راولپنڈی میں شیڈول ہیں۔ گزشتہ روز میڈیا کانفرنس کے دوران نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز اپنے وقت پر اور ضرور ہو گی کیونکہ غیر ملکی ماہرین یہاں سیکیورٹی پر مطمئن ہیں البتہ 30 اپریل کو پنجاب میں ہونے والے انتخابات کی وجہ سے سیریز کے شیڈول میں تھوڑی سی تبدیلی کی جا رہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سیریز کا آغاز پہلے کراچی سے ہونا تھا جس کے بعد لاہور اور راولپنڈی میں میچز تھے مگر اب اس میں تھوڑی سی تبدیلی کی جائے گی جس کے متعلق آئندہ ہفتے تک اعلان کردیا جائے گا۔نجم سیٹھی کے مطابق وہ آج سے دبئی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں شریک ہوں گے جہاں ایشیائکپ،ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی کے متعلق بات چیت ہوگی جس کیلئے انہوں نے قانونی مشاورت بھی کر لی جبکہ دیگر رکن ممالک سے رابطے بھی مکمل ہیں اور پاکستان کا موقف مضبوط انداز سے پیش کیا جائے گا مگر دیکھنا یہ ہوگا کہ دوسروں کا کیا موقف ہے اور کتنے لوگ پاکستان کی حمایت کرتے ہیں جبکہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کیلئے بھارت گئی تو سیکیورٹی کے ساتھ میڈیا کو بھی ساتھ لے جانے کی اجازت مانگی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے افغانستان کیخلاف ایک میچ دیکھیں گے اور امید ہے کہ پاکستان کی قدرے نئی ٹیم بہترین کھیل پیش کرے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں