ٹی 20ٹاکرا،شاہین اور کیویز کاکل چوتھا مقابلہ ،پریکٹس جاری

ٹی 20ٹاکرا،شاہین اور کیویز کاکل چوتھا مقابلہ ،پریکٹس جاری

لاہور(سپورٹس رپورٹر )پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا میچ کل قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا،دونوں ٹیموں نے گزشتہ روز پریکٹس سیشن میں اس مقابلے کی بھرپور تیاری کی ۔

تفصیلات کے مطابق ٹی 20سیریز کے چوتھے میچ کیلئے پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں لاہور پہنچ چکی ہیں اور ایک روز آرام کے بعد گزشتہ روز دونوں ٹیموں نے قذافی سٹیڈیم میں بھرپورپریکٹس سیشن کیا ۔قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے فٹنس کے حوالے سے ایکسرسائز کی مشقیں کیں جبکہ کوچزنے انہیں ٹپس دی ۔سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر ہے ۔ پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔دوسرے میچ میں پاکستان نے مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا تھا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ کل 25 اپریل جبکہ پانچواں اور آخری میچ 27اپریل کو کھیلا جائے گا۔سیریز کے پہلے تین میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا چکے ہیں جبکہ بقیہ آخری دو میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں