نئی ویمنز آئی سی سی بیٹنگ رینکنگ ،چماری اتا پتو کی پہلی پوزیشن

نئی ویمنز آئی سی سی بیٹنگ رینکنگ ،چماری اتا پتو کی پہلی پوزیشن

دبئی(سپورٹس ڈیسک )آئی سی سی ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل بیٹنگ رینکنگ میں سری لنکا کی خاتون کرکٹر چماری اتاپتو نے نمبر ون پوزیشن حاصل کرلی۔

گزشتہ ہفتے پوچیفسٹروم میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں چماری نے 195 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز سے اپنی ٹیم کو نہ صرف میچ میں فتح دلوائی بلکہ انگلش آل راؤنڈر سکیور برنٹ کو رینکنگ میں پیچھے چھوڑ دیا۔ چماری اتاپتو نے ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن کے ساتھ ساتھ ٹارگٹ کے حصول کے لئے سب سے بڑی انفرادی اننگز بھی کھیلنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ مینز اور ویمنز ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ٹارگٹ کے حصول کیلئے دوسری بڑی انفرادی اننگز بھی ہے ۔ ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کے گلین میکس ویل نے ورلڈ کپ 2023 میں افغانستان کے خلاف ٹارگٹ کے حصول کے لئے کرکٹ تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز 201 رنز ناٹ آؤٹ کھیلی تھی۔ چماری اتاپتو نے آئی سی سی پوائنٹس ٹیبل پر اپنے کیریئر کی بہترین ریٹنگ 773 بھی حاصل کر لی ہے ۔نئی رینکنگ میں جنوبی افریقہ کی لاورا ولوارٹ دو درجے ترقی کے بعد تیسرے اور ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلے متھیوز سات درجے ترقی کے بعد 11 ویں نمبر پر آگئیں۔ہیلے میتھیوز پاکستان کے خلاف آل راونڈ پرفارمنس کے بعد آل راؤنڈرز میں دوسرے نمبر پر آگئی ہیں۔ویسٹ انڈیز کی سٹیفنی ٹیلر کی رینکنگ میں دو اور پاکستان کی بسمہ معروف کی ایک درجے ترقی ہوئی ہے ۔ون ڈے ویمنز باؤلرز میں انگلینڈ کی سوفی ایکلسٹون کا پہلا نمبر ہے جبکہ پاکستان کی سعدیہ اقبال 6 درجے ترقی کے بعد 17 ویں نمبر پر آگئی ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں