قومی ٹیم کی توجہ ٹی 20 ورلڈکپ پر مرکوز ، بابر اعظم کو فتح کا یقین

قومی  ٹیم  کی  توجہ  ٹی  20  ورلڈکپ  پر  مرکوز  ،  بابر  اعظم  کو  فتح  کا  یقین

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے ٹی 20 کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پوری ٹیم کی ساری توجہ صرف اور صرف ورلڈکپ جیتنے پر مرکوز ہے ۔

 بابر اعظم نے قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران فتح کے یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ ورلڈکپ نہیں جیت سکے تھے لیکن وہ ماضی تھا جو گزر گیا مگر اس بار یقین ہے کہ ٹرافی لے کر آئیں گے ، پوری ٹیم کا فوکس اسی بات پر ہے کہ کس طرح یہ ورلڈکپ جیت کر لائیں۔ ٹیم سلیکشن میرٹ پر ہوئی ہے تمام سلیکٹرز نے طویل بحث و مباحثے ، باہمی مشاورت اور ایک ایک کھلاڑی کی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے ٹیم کی سلیکشن کی ہے ، ذاتی فیصلے نہیں ہو رہے ، سات سلیکٹرز ہیں، سب کی مشاورت سے فیصلے ہوئے ہیں، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوئی،محمد حارث کو پی ایس ایل میں موقع ملا مگر وہ پرفارم نہ کرسکے ، حسن علی کو بیک اپ کے طور پر شامل کیا گیا ہے ، وہ تجربہ کار کھلاڑی ہیں جن سے ہم فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔بابر اعظم نے کہا کہ میرا اور محمد ضوان کے کھیلنے کا طریقہ مختلف ہے اگر اوپننگ چھوڑنا پڑی تو میں چھوڑ دوں گا، ٹاپ آرڈر میں محمد رضوان، صائم ایوب اور فخر زمان سے امیدیں ہیں۔ان کا کہناتھاکہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی بھی ورلڈکپ کی تیاریوں کے حوالے سے بات کرتے ہیں اور ٹیم کو اعتماد دے رہے ہیں۔ گیری کرسٹن بہت تجربہ کار کوچ ہیں، وہ ابھی سے ٹیم کے معاملات میں دلچسپی لے رہے ہیں، ہر ٹیم کیلئے پلان ہوتا ہے کسی ایک کھلاڑی یا ٹیم کا پلان نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ نیویارک کی کنڈیشنز کے مطابق پلان کریں گے ، بھارت کے خلاف ہی نہیں تمام میچز میں بیسٹ کمبی نیشن کے ساتھ جائیں گے ۔ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف سیریز میں کوشش ہو گی ورلڈ کپ سکواڈ کو میدان میں اتاریں، روٹیشن کیلئے ٹائم کم ہے اب وہی کھیلیں گے جو ہم ورلڈ کپ کیلئے پلان کر رہے ہیں۔ہم پر امید ہیں، ہم جیت کر قوم کو خوشیاں دینا چاہتے ہیں، کرکٹ پاکستان کو جوڑتی ہے ، سب ایک پیج پر ہوتے ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں