آسٹریلیا کیخلاف وائٹ بال سیریز:رضوان کو کپتان بنانے پر غور

آسٹریلیا کیخلاف وائٹ بال سیریز:رضوان کو کپتان بنانے پر غور

لاہور(سپورٹس ڈیسک ) آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لیے وکٹ کیپر اور بیٹر محمد رضوان کو کپتان بنانے پر غور کیا جارہا ہے ۔

 سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان اگلے ہفتے متوقع ہے ، فائنل سکواڈ میں فاسٹ بولر محمد حسنین کی واپسی کا امکان ہے ۔ 2023 میں آخری ون ڈے کھیلنے والے حسنین نے چیمپئنز کپ اور پریذیڈنٹ کپ میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے ،4 سے 18 نومبر 2024ء کے دوران جاری رہنے والی سیریز میں 3ایک روزہ اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف اس سیریز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت محمد رضوان کے سپرد کیے جانے پر غور کیا جارہا ہے ، تاہم اس کا حتمی فیصلہ چیئرمین اور سلیکٹرز کی مشاورت سے ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آل راؤنڈر عامر جمال اور نوجوان وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللّٰہ بھی سلیکشن کمیٹی کی نظروں میں ہیں اور انہیں سکواڈ میں جگہ دی جا سکتی ہے ،قومی ٹیم 29 اکتوبر کو میلبرن روانہ ہوگی جبکہ 2 نومبر کو تربیتی سیشن میں حصہ لے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں