حارث اور صائم نے کینگروز کو تگنی کا ناچ نچا دیا : 3 میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر

حارث  اور صائم  نے  کینگروز  کو  تگنی کا ناچ نچا  دیا  : 3  میچوں  کی  سیریز  ایک  ایک  سے  برابر

ایڈیلیڈ (سپورٹس دیسک )حارث رؤف اورصائم ایوب نے گینگروز کوتگنی کاناچ نچادیا اور میزبان ٹیم کو دوسرے میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔قومی ٹیم نے 7سال بعد آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ میں شکست دی ۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا اور قومی ٹیم کو پہلا نقصان 137 رنز پر ہوا جب صائم ایوب 82 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے ۔اس کے بعد عبد اللہ شفیق اور بابر اعظم نے سکور آگے بڑھایا اورہدف 26ویں اوورمیں حاصل کرلیا، عبد اللہ شفیق 64 اور بابر اعظم 15 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ ایڈم زمپا نے 44رنزدیکر حاصل کی۔قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز جیک فریسر مک گرج اور میتھیو شارٹ نے کیا لیکن دونوں کھلاڑیوں کو شاہین شاہ آفریدی نے آغاز میں ہی پویلین لوٹا دیا، جیک فریسر 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ میتھیو شارٹ کو شاہین نے ایل بی ڈبلیو کیا۔آسٹریلیا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جوش انگلس تھے جو 18 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے ، مارنس لبوشین کو بھی حارث نے ہی پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد حسنین نے آسٹریلیا کے سیٹ بیٹر سٹیو سمتھ کو 35 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا جبکہ ایرون ہارڈی اور گلین میکسویل کو حارث نے اپنا شکار بنایا۔ مچل سٹارک کو نسیم شاہ نے بولڈ کیا جبکہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز حارث رؤف کے پانچویں شکار بنے جبکہ آخری وکٹ شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں آئی۔اس طرح آسٹریلوی ٹیم 35ویں اوورمیں ہی پویلین لوٹ گئی ،پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 29 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 26 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں، ایک ایک وکٹ محمد حسنین اور نسیم شاہ کے حصے میں آئی۔حارث رؤف کومین آف دی میچ قراردیاگیا۔ دونوں ٹیموں نے پہلا ون ڈے کھیلنے والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی ۔ تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے 10نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں