بھارت کا چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آنے سے انکار

بھارت کا چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آنے سے انکار

ممبئی ،لاہور(سپورٹس ڈیسک)بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں آئے گی اور بھارت اپنے میچز دبئی میں کرانے کا خواہاں ہے ۔۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو حال ہی میں ایک پیغام بھیجا ہے ۔بھارتی بورڈ نے سکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔ اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بھارتی ٹیم کے ممکنہ طور پر پاکستان آنے پر بات ہوئی تھی۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم کے آنے یا نہ آنے کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ نے تحریری طور پر آگاہ نہیں کیا،ہائبرڈ ماڈل پر کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہوگی۔بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جارہی۔ آج بھی چاہتے ہیں کہ کرکٹ سیاست سے پاک ہو ۔قذافی سٹیڈیم کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ اگر بھارت کی طرف سے نہ آنے کا تحریری پر طور پر بتایا گیا تو حکومت کے پاس جاؤں گا اور حکومت پاکستان جو فیصلہ کرے گی اس پر عمل کریں گے ، اگر کوئی صورت حال ہے تو پی سی بی کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے ، چیئرمین پی سی بی نے دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کوہرانے پر قومی ٹیم اور قوم کو مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ پاکستان ٹیم اگلے میچز میں بھی خوشخبری دے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں