نداڈار سمیت 6 خواتین کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر

نداڈار سمیت 6 خواتین کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر

لاہور(سپورٹس ڈیسک ) پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ 2024-25 سیزن کیلئے 16 ویمنز کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دیدیا ، جس کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے ہوگا۔گزشتہ سال 20 کرکٹرز کو 2 سال کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ دیئے گئے تھے ۔۔۔

جس میں کہا گیا تھا کہ 2023-24 کے سیزن کے بعد ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔اس سینٹرل کنٹریکٹ میں 3 نئی انٹریز گُل فیروزہ، رامین شمیم اور تسمیہ رباب شامل ہیں۔ تسمیہ رباب نے پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کیا ہے ۔گل فیروزہ 2018 اور رامین شمیم 2022-23 کے بعد دوبارہ سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔اسی طرح ندا ڈار، عالیہ ریاض، انوشے ناصر، ایمان فاطمہ، شوال ذوالفقار اور سدرہ نواز کے سینٹرل کنٹریکٹ کی تجدید نہیں کی گئی ہے تاہم یہ تمام کھلاڑی سلیکشن کیلئے دستیاب رہیں گی۔ سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والی کھلاڑیوں میں اے کیٹیگری میں فاطمہ ثنا، منیبہ علی اور سدرہ امین،بی کیٹیگری میں ناشرہ سندھو، سعدیہ اقبال،سی کیٹیگری میں ڈیانا بیگ، عمیمہ سہیل اورڈی کیٹیگری میں غلام فاطمہ، گل فیروزہ، نجیہہ علوی، رامین شمیم، صدف شمس، سیدہ عروب، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن اور ام ہانی شامل ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں