چیمپئنز ٹرافی:20 رکنی قومی ابتدائی سکواڈ جمع:ایونٹ کو یادگار بنانے کیلئے تیار : نقوی

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کیلئے 20 کھلاڑیوں پر مشتمل ابتدائی سکواڈ جمع کروا دیا۔ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے ابتدائی سکواڈ آئی سی سی کو دو روز قبل جمع کروایا۔۔۔
اوپنر صائم ایوب کا نام بھی ابتدائی سکواڈ میں بھیجا گیا ہے ۔ابتدائی سکواڈ میں کپتان محمد رضوان، بابر اعظم، طیب طاہر، عرفان خان نیازی، سفیان مقیم، محمد حسنین، عبداللہ شفیق، نسیم شاہ، عثمان خان، شاہین شاہ آفریدی، حارث روف، ابرار احمد، کامران غلام اور سلمان علی آغا، امام الحق، فخر زمان، حسیب اللہ اور عباس آفریدی کا نام شامل ہے ۔چیمپیئنز ٹرافی کیلئے حتمی سکواڈ کا اعلان 10 فروری کو متوقع ہے ،حتمی سکواڈ میں متعدد تبدیلیاں ہوں گی جس میں اوپنر عبداللہ شفیق اور عثمان خان کی شمولیت کے امکانات کم ہیں۔دوسری طرف چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لاہورمیں پی سی بی آفیشلز کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی اور قذافی سٹیڈیم کا دورہ کرکے تعمیراتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیااورکہاکہ ہم چیمپئنز ٹرافی کو یادگار بنانے کے لیے تیار ہیں،ایونٹ کے لیے سٹیڈیم کی تعمیر نو کا کام رواں ماہ مکمل ہوجائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلا س میں5 مینٹورز کی اب تک کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور کہا گیا کہ کم درجے کی کارکردگی کے حامل مینٹورز کو بدلنے کا آپشن بھی استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ غیر تسلی بخش کارکردگی والے مینٹورز کی جگہ نئے مینٹورز لائے جاسکیں گے ۔ سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب میں چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اگر پنجاب حکومت سیالکوٹ سٹیڈیم نہیں بناتی تو بزنس کمیونٹی شامل ہوجائے ۔ بزنس کمیونٹی اور پی سی بی ملکر سیالکوٹ میں عالمی معیار کا سٹیڈیم بنائیں گے ۔