قائداعظم ٹرافی فائنل،سیالکوٹ کے 235رنز 6کھلاڑی آؤٹ

قائداعظم ٹرافی فائنل،سیالکوٹ کے 235رنز 6کھلاڑی آؤٹ

کراچی بلوز کے سکور 105رنز پیچھے ،محمد علی نے 79رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کیں

لاہور،راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر ) دفاعی چیمپئن سیالکوٹ نے کراچی بلوز کے خلاف قذافی سٹیڈیم میں قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز میں 235رنز بنائے تھے اور اس کے 6کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے ۔اس طر ح وہ کراچی بلوز کے سکور 340سے اب بھی 105رنز پیچھے ہے اور اس کی چار وکٹیں باقی ہیں۔اذان اویس 2رنز بناکر مشتاق احمد کی گیند پر آؤٹ ہوگئے ۔ اپنا لگاتار پانچواں قائداعظم ٹرافی فائنل کھیلنے والے محمد ہریرہ 9رنز بناکر ثاقب خان کی وکٹ بنے ۔ عبدالرحمن کو محمد عمر نے 14رنز پر آؤٹ کیا اور جب عبداللہ شفیق32رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے تو سیالکوٹ کا سکور73 رنز تھا۔محسن ریاض اورحمزہ نذر نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 95رنز کا اضافہ کیا۔ محسن ریاض ایک چھکے اور 11چوکوں کی مدد سے 71رنز بناکر محمد عمر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

افضال منظور بغیر کوئی رن بنائے ثاقب خان کی دوسری وکٹ بنے ۔ حمزہ نذر نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 62رنز کی اننگز کھیلی ہے ۔ حسن علی نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 29رنز سکور کیے ہیں ۔یہ دونوں ابتک ساتویں وکٹ کی شراکت میں 65 رنز کا اضافہ کرچکے ہیں۔کراچی بلوز کی طرف سے محمد عمر اور ثاقب خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ مشتاق احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل کراچی بلوز نے اپنی پہلی اننگز 285رنز 6کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تھی اور 55رنز کے اضافے کے بعد 340رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ عثمان خان جو 80رنز پر ناٹ آؤٹ تھے 82رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔کاشف بھٹی 13رنز بناسکے ۔ ثاقب خان (33)اور محمد عمر(16 )کی کوششوں کے نتیجے میں کراچی بلوز 340 رنز تک پہنچ پائی۔محمد علی نے 79رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کیں۔ وکٹ کیپر افضال منظور نے 5کیچز کیے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں