پولینڈ نے پہلی بار یونائیٹڈ ٹینس کپ ٹورنامنٹ جیت لیا
فیصلہ کن مکسڈ ڈبلز میں پولینڈ کی کاتار اور یان نے بیلنڈا اور یعقوب پال کوہرایا
سڈنی (سپورٹس ڈیسک)پولینڈ نے یونائیٹڈ کپ ٹینس ٹورنامنٹ کا ٹائٹل پہلی مرتبہ اپنے نام کر لیا، فاتح ٹیم پولینڈ نے فائنل میں سوئٹزرلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر تاریخی کامیابی حاصل کی۔ بی بی سی کے مطابق یہ فتح اس وقت مزید یادگار بن گئی جب پولینڈ کو آغاز میں خواتین سنگلز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سوئٹزرلینڈ کی اولمپک چیمپئن بیلنڈا بین چچ نے عالمی نمبر ٹو آئیگاسوائٹک کو سخت مقابلے کے بعد 6-3، 0-6 اور 3-6 سے شکست دے کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ یہ یونائیٹڈ کپ میں بیلندابین چچ کی نویں سنگلز فتح تھی، جس سے سوئٹزرلینڈ پہلی بار فائنل میں مضبوط پوزیشن میں آ گیا۔
تاہم مردوں کے سنگلز میں پولینڈ کے ہبرٹ ہورکاچ نے سٹین واورینکا کو 3-6، 6-3 اور 3-6 سے شکست دے کر مقابلہ برابر کر دیا۔ سات ماہ بعد انجری سے واپسی کرنے والے ہبرٹ ہورکاچ نے اہم موقع پر اپنی بہترین فارم ثابت کی۔فیصلہ کن مکسڈ ڈبلز میں پولینڈ کی کاتارژینا کاوا اور یان زیلنسکی نے بیلنڈا بین چچ اور یعقوب پال کو 4-6، 3-6 سے شکست دی اور یوں پولینڈ کو 1-2 سے فتح دلوا دی۔