پاک آسٹریلیا ٹی 20سیریز، فزیکل ٹکٹیں آج سے دستیاب
لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کی فزیکل ٹکٹیں آج بروز پیر 19 جنوری سے صبح 10 بجے کے بعد ملک بھر کے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گی۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تینوں ٹی 20 میچز 29، 31 جنوری اور یکم فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے ۔ تمام میچز شام 6 بجے پاکستانی وقت کے مطابق شروع ہوں گے ۔ پہلے ٹی 20 کے لیے فضل محمود اور عمران خان انکلوژرز (وی آئی پی) کے ٹکٹ 800 روپے میں دستیاب ہوں گے جبکہ راجا اور سعید انور انکلوژرز (پریمیم) کے ٹکٹ 600 روپے ، عبدالحفیظ کاردار، عبدالقادر، جاوید میانداد اور سرفراز نواز انکلوژرز (فرسٹ کلاس) کے ٹکٹ 500 روپے اور حنیف محمد، امتیاز احمد، انضمام الحق و سعید احمد انکلوژرز (جنرل) کے ٹکٹ 400 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ اقبال اینڈ کے وی آئی پی انکلوژرز (وقار یونس اور وسیم اکرم) کے ٹکٹ 1500 روپے جبکہ جناح اینڈ کے وی آئی پی انکلوژرز (مجید خان اور ظہیر عباس) کے ٹکٹ 2000 روپے میں فروخت ہوں گے ۔ پہلے میچ کے لیے ہاسپیٹیلٹی گیلری ٹکٹ کی قیمت 5000 روپے رکھی گئی ہے
جبکہ دوسرے اور تیسرے ٹی 20 میچ کے لیے وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ 1000 روپے ، پریمیم انکلوژرز کے 700 روپے ، فرسٹ کلاس کے 600 روپے اور جنرل انکلوژرز کے ٹکٹ 500 روپے میں دستیاب ہوں گے ۔ اسی طرح اقبال اینڈ کے وی آئی پی ٹکٹ 2000 روپے جبکہ جناح اینڈ کے وی آئی پی ٹکٹ 2500 روپے میں فروخت کیے جائیں گے جبکہ آخری دونوں میچز کے لیے ہاسپیٹیلٹی گیلری کے ٹکٹ 6000 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اقبال اینڈ کے 24 سیٹر ہاسپیٹیلٹی باکس میں ایک سیٹ پہلے میچ کے لیے ٹکٹ 20 ہزار روپے جبکہ دوسرے اور تیسرے میچ کے لیے 25 ہزار روپے میں دستیاب ہو گی۔