ورلڈ کپ:جنوبی افریقا کی ویسٹ ینڈیز کو9وکٹوں سے شکست
جنوبی افریقا نے 177رنز کا ہدف1وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، ایڈن مارکرم 82، ریان ریکیلٹن 45 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے بھارت نے 4وکٹوں پر 256رنز بنائے ، ہدف کے تعاقب زمبابوے کی ٹیم 186رنز بنا سکی،بینٹ 97رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے
احمدآباد(سپورٹس ڈیسک)ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2026کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں جنوبی افریقا نے ویسٹ انڈیز کو 9وکٹوں سے شکست دے دی ۔احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ویسٹ انڈین کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔10.2 اوورز میں 83 رنز پر ساتویں وکٹ گرنے کے بعد جیسن ہولڈر اور روماریو شیفرڈ نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں آٹھویں وکٹ کے لیے 89 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔ ہولڈر 49 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ روماریو شیفرڈ 52 رنز بناکر ناقابل شکست رہے ، ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20اوورز میں 8 وکٹوں پر 176 رنز بنائے ۔جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیدی نے 3، کگیسو ربادا اور کوربن بوش نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پروٹیز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 177 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ ایڈن مارکرم 82، ریان ریکیلٹن 45 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ،ڈی کوک 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ بھارت نے زمبابوے کو بڑے مارجن سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی اپنی امیدیں برقرار رکھی ہوئی ہے ۔ چنئی میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں پر 256 رنز بنائے ۔ ہدف کے تعاقب زمبابوے کی ٹیم 6 وکٹوں پر 186 رنز بنا سکی،بینٹ 97 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔