ملک میں ہاکی مقابلوں کی بحالی کیلئے کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل
کمیٹی انڈر-14، 16 اور انڈر-18 کیٹیگریز کیلئے انٹر بورڈ چیمپئن شپس کرائے گی
لاہور(سپورٹس ڈیسک )وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے ذیلی ادارے انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن نے پاکستان کے تعلیمی ڈھانچے میں ہاکی کے فروغ کو ادارہ جاتی شکل دینے اور ملک بھر میں ہاکی کے مقابلوں کی بحالی کیلئے نیشنل ایجوکیشن-ہاکی کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔آئی بی سی سی کی جانب سے نوٹیفائی کی گئی اس کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر غلام علی ملاح (ایگزیکٹو ڈائریکٹر، آئی بی سی سی) ہوں گے جبکہ مس سعدیہ ناز (ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس، آئی بی سی سی) بطور سیکرٹری خدمات انجام دیں گی۔کمیٹی کے بنیادی مقاصد میں انڈر-14، انڈر-16 اور انڈر-18 کیٹیگریز کیلئے معیاری انٹر بورڈ ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد کراناہے جبکہ صوبائی سطح پر کوالیفائنگ راؤنڈز اور پھر نیشنل انٹر بورڈ چیمپئن شپ کا انعقاد کیاجائے گا،ٹیلنٹ کی تلاش اور سکروٹنی کے لیے سالانہ کیمپوں کا قیام بھی عمل میں لایاجائے گا۔