صاحبزادہ فرحان آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار
لاہور(سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی کی جانب سے پاکستانی ٹیم کے اوپنر صاحبزادہ فرحان کو فروری کے مہینے میں غیر معمولی کارکردگی پرپلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا ہے۔
صاحبزادہ فرحان ٹی 20ورلڈکپ 2026 کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے ، انہوں نے 6 اننگز میں 76.60 کی شاندار اوسط سے 383 رنز اسکور کیے ، جس میں دو سنچریاں شامل تھیں۔ خیال رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوران انہوں نے 160.25 کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کرتے ہوئے ویرات کوہلی کا ایک ٹی20 ورلڈ کپ ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔واضح رہے کہ انگلینڈ کے ول جیکس اور امریکا کے شیڈلے وین شیلوک بھی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد ہوئے تھے ،اس اہم کارکردگی کے حوالے سے حاحبزادہ فرحان نے کہاکہ ورلڈ کپ جیسے بڑے سٹیج پر کارکردگی دکھانے کے بعد یہ آئی سی سی ایوارڈ جیتنا ایک ناقابلِ یقین احساس ہے۔
وہ اس ٹورنامنٹ کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور آئندہ سیریز میں بھی اسی کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں اور میں اپنی ٹیم کا بھی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے سپورٹ کیا اور مجھ پر یقین کیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پلیئرآف دی منتھ ایوارڈ جیتنے پر صاحبزادہ فرحان کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ صاحبزادہ فرحان کا اعزاز پاکستان کرکٹ کے لئے باعث فخر ہے ، یہ اعزاز ان کی محنت اور پروفیشنل اپروچ کا نتیجہ ہے ،امید ہے وہ اچھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے ۔