زمبابوے کیخلاف سیریزویمن ٹیم کیلئے اہم :وہاب ریاض
زمبابوے کیخلاف سیریزویمن ٹیم کیلئے اہم :وہاب ریاض کھلاڑیوں کو لیگ کیلئے باہر جانے کا بھی موقع ملنا چاہیے ،قومی ٹیم مینٹور
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے مینٹور وہاب ریاض نے کہا ہے کہ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے بڑی اہم ہے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ ویمن ٹی 20لیگ شروع کرنے کی بہت ضرورت ہے ۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ کھلاڑیوں کو لیگ کے لیے باہر جانے کا بھی موقع ملنا چاہیے ، اس سے ویمن کرکٹرز کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیم کے خلاف سیریز بڑی اہمیت کی حامل ہے ، آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہونے کی وجہ سے ون ڈے سیریز سے رینکنگ پوائنٹس ملیں گے جبکہ ٹی20 سیریز سے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کا موقع ملے گا۔وہاب ریاض نے کہا کہ انگلینڈ میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سخت گروپ کا نہیں سوچنا چاہیے ، بس اپنے اوپر یقین ہونا چاہیے ، ٹی 20 ایسا فارمیٹ ہے کہ اس میں کوئی بھی ٹیم کسی کو بھی ہرا سکتی ہے ۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ ویمن کرکٹرز کی فٹنس اور فیلڈنگ ہمارے لیے فکر مندی والے شعبے ہیں، اسی وجہ سے سب سے زیادہ ان پر فوکس کیا ہے ، کھلاڑیوں کی کارکردگی میں جو بہتری نظر آئی ہے اس کی وجہ فٹنس کا بہتر ہونا ہے ۔