بلا ملے گا یا نہیں،کرکٹرز کو ممکنہ بڑے بحران کا سامنا
بلا ملے گا یا نہیں،کرکٹرز کو ممکنہ بڑے بحران کا سامنا مانگ بڑھنے سے انگلش ولو کم پڑ گئی ،زیادہ تر بلے اسی سے بنتے ہیں،رپورٹ
لندن (سپورٹس ڈیسک) کرکٹ دو چیزوں سے کھیلی جاتی ہے ایک بلا یعنی بیٹ اور دوسرا گیند لیکن اب کرکٹرز کو اپنی تاریخ کے ممکنہ بڑے بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق اب صورتحال یہ ہے کہ جس خاص لکڑی سے کرکٹ کے بلے بنائے جاتے ہیں، وہ کم پڑ گئی ہے ۔کرکٹ میں پاور ہٹنگ فروغ پانے سے بلے زیادہ ٹوٹ رہے ہیں اور ان کی مانگ بڑھ رہی ہے ۔ یہ مانگ اتنی بڑھ چکی ہے کہ انگلش ولو کم پڑ گئی ہے اور زیادہ تر بلے اس سے ہی بنائے جاتے ہیں۔انگلش ولو کا درخت بارہ سے پندرہ سال میں مضبوط لکڑی دیتا ہے ۔ موجودہ صورتحال میں انگلینڈ میں بلے کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ دوم درجہ کا بلا ایک ہزار پاؤنڈ کا ہوگیا ہے ۔ ایم سی سی نے اس ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سر جوڑ لیے ہیں۔ آنے والے اس بحران سے نمٹنے کے لیے گزشتہ سال بیٹ ایمرجنسی کانفرنس ہوئی تھی۔اس کانفرنس میں تجویز آئی کہ بیٹ کے لیے بیمبو یعنی بانس اور فائبر استعمال کیا جائے ۔ لیمی نیٹیڈبیٹس یعنی دو الگ قسم کی لکڑی سے بنے بیٹس استعمال کرنے کی اجازت دی جائے ۔تاہم ایم سی سی کے قاعدے کے مطابق بلا صرف لکڑی سے بنا ہونا چاہے ۔ اس صورتحال میں بلے کی دستیابی مسئلہ بن سکتی ہے ۔