پی ایس ایل فائنل آج،زلمی اور کنگز مین میں کانٹے کا مقابلہ متوقع

پی ایس  ایل  فائنل  آج،زلمی  اور  کنگز مین  میں  کانٹے  کا  مقابلہ  متوقع

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کا فائنل آج قذافی سٹیڈیم میں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کے مابین کھیلاجائیگا اوردونوں ٹیموں میں کانٹے کامقابلہ متوقع ہے ۔

پشاور زلمی کی ٹیم 2017میں پی ایس ایل کی فاتح رہ چکی ہے اورپانچویں بار پی ایس ایل کا فائنل کھیلے گی جبکہ حیدر آباد کنگزمین اپنا پہلا ٹورنامنٹ کھیل رہی اور ابتدائی شکستوں کے ٹیم کے زبردست کم بیک کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے ۔ فائنل کے موقع پر شاندار اختتامی تقریب کا انعقاد ہوگا ، جس میں معروف گلوکار عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ، صابری سسٹرز اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کریں گی۔ رنگارنگ تقریب کے دوران آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور زلمی کے ساتھ ان کا سفر بہت اچھا رہا ہے اور ٹیم نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بہتر کارکردگی دکھائی ہے ۔ ہر میچ دباؤ سے بھرپور ہوتا ہے ، جبکہ فائنل میچ کا پریشر اس سے بھی زیادہ ہوتا ہے ، جس کے لیے ٹیم کو ذہنی طور پر تیار رہنا پڑتا ہے ۔ ہر کپتان کی طرح ان کی بھی خواہش ہے کہ وہ اپنی ٹیم کے لیے ٹرافی جیتیں۔ انہوں سری لنکن آل راؤنڈر کوشل مینڈس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور ان کی موجودگی ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے ۔ اپنی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اور عوام کی توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کر پا رہے تھے ، تاہم ان کی توجہ ہمیشہ اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر رہتی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ تنقید کا جواب دینے کے بجائے میدان میں کارکردگی سے جواب دینا پسند کرتے ہیں، کیونکہ اچھا کھیلنے پر بھی تنقید ہوتی ہے ۔ دریں اثنا چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پی ایس ایل کے فائنل میچ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے تمام تر انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس میگا ایونٹ کے لئے ہر سطح پر بہترین اور شاندار انتظامات یقینی بنائے جائیں اور شائقین کرکٹ کی سہولت کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے ۔ شائقین کرکٹ شاندار اختتامی تقریب سے محظوظ ہونے کے لیے شام 6بجے تک لازمی سٹیڈیم پہنچیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں