پاکستان ہاکی فیڈریشن کا پرو لیگ کی تیاریوں کیلئے تربیتی کیمپ کا اعلان
لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ پرو لیگ کی تیاریوں کے لیے قومی ہاکی تربیتی کیمپ کا اعلان کر دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق صدر پی ایچ ایف، پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی، نیشنل سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ منظور الحسن کی سفارشات کی روشنی میں بیلجیئم اور انگلینڈ میں 13 جون سے 28 جون 2026 تک شیڈول ایف آئی ایچ پرو لیگ کے اہم ترین مقابلوں کی تیاری کے لیے قومی سینئر ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں لگے گا جو 4 مئی 2026 سے 6 جون 2026 تک جاری رہے گا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق تمام مدعو کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 4 مئی 2026 کو شام 5:00 بجے تک پی ایس بی (PSB) کوچنگ سینٹر لاہور میں ہیڈ کوچ کو رپورٹ کریں۔ کھلاڑیوں کو اپنے ہمراہ متعلقہ محکمے کا این او سی، کم از کم 6 ماہ کی میعاد والا پاسپورٹ، 8 عدد پاسپورٹ سائز تصاویر اور پلینگ کٹ (رنگین اور سفید) لانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔پی ایچ ایف نے تمام متعلقہ محکموں اور اسپورٹس بورڈز بزریعہ لیٹر اطلاع دی ہے کہ وہ آج 3 مئی سے 30 جون 2026 تک کھلاڑیوں اور آفیشلز کی اس حاضری کو \'آن ڈیوٹی\' شمار کریں اور انہیں فوری این او سی جاری کریں۔