ٹینس کے منتخب کھلاڑیوں کیلئے رسٹ ٹیسٹ لازمی قرار
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سالانہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا جبکہ اعلامیے کے مطابق عمر میں ایک سال تک کی مہلت بھی مل سکے گی بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے انعقاد،پلیئرزکو عالمی سطح پر مواقع فراہم کرنے پر زور دیا گیا، اعصام الحق کا عالمی روابط بڑھانے کا عزم
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)اسلام آباد میں پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سالانہ اجلاس میں یکم جنوری سے منتخب کھلاڑیوں کے لیے رسٹ ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا۔ اسلام آباد میں ٹینس فیڈریشن کا سالانہ اجلاس عام فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی کی صدارت میں ہوا، جس میں سینیٹر سلیم سیف اللّٰہ، سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین اور ملک بھر سے یونٹس اور مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔اجلاس میں ٹینس کے فروغ، گراس روٹس پروگرامز اور انفراسٹرکچر کی بہتری پر تفصیلی غور کیا گیا۔ملک میں مزید بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر مواقع فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔اس موقع پر انڈر 12، 14 اور 16 ٹیموں کے لیے نئے قوانین منظور کیے گئے اور یکم جنوری 2027 سے منتخب کھلاڑیوں کے لیے رسٹ ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا۔اعلامیے کے مطابق عمر میں ایک سال تک کی مہلت مل سکے گی۔ملک بھر میں ٹینس کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مختلف نئے منصوبوں پر غور کیا گیا اور ان کا جائزہ لیا گیا۔ وابستہ یونٹس نے اپنے منصوبے پیش کئے اور علاقائی و قومی سطح پر کھیل کے فروغ کے لئے قیمتی تجاویز دیں۔ اجلاس میں پاکستان میں مزید بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے انعقاد پر زور دینا تھا تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع میسر آئیں، ان کی رینکنگ بہتر ہو اور انہیں عالمی سطح پر آگے بڑھنے میں مدد ملے ۔ صدر اعصام الحق قریشی نے تمام متعلقہ فریقین کی مشترکہ کوششوں کو سراہا اور پاکستان میں ٹینس کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے حکمت عملی، باہمی تعاون اور بین الاقوامی سطح پر روابط بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔